بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا ضلع کچھی میں آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 2 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، آئی ایس پی آر

جمعہ 6 جون 2025 22:12

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا ضلع کچھی میں آپریشن، فتنہ الہندوستان ..
کھچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)بلوچستان کے ضلع کچھی میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز 6 جون کو بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے کولپور میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 ہندوستانی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں سرگرم رہے، جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

(جاری ہے)

أئی ایس پی أر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشتگردی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کی تصدیق کرتی ہیں۔واضح رہے کہ 3 جون کو سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں 2 آپریشنز کے دوران فتنة الہندوستان کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔