Live Updates

پنجاب میں پہلی مرتبہ عید الاضحیٰ پر سبز مصالحہ جات سستے داموں فروخت ہورہے ہیں، عظمی بخاری

جمعہ 6 جون 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عیدالاضحیٰ سے قبل سبز مصالحہ جات سستے داموں عوام کو میسر ہیں، جو وزیراعلیٰ مریم نواز کی عوام دوست پالیسیوں اور گڈ گورننس کا عملی ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے عید سے قبل اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہ ہونے دیا اور نہ ہی کسی شے کی مارکیٹ میں کمی واقع ہونے دی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی وزیراعلیٰ نے خود قیمتوں پر کنٹرول کے لیے دن رات نگرانی کی اور مارکیٹ میکانزم کو فعال رکھا۔عظمی بخاری نے واضح کیا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی صوبے میں نہ تو اس اہم مسئلے پر کوئی سنجیدہ اجلاس ہوا اور نہ ہی کسی حکومت نے اتنی واضح حکمت عملی کے تحت عوام کو ریلیف فراہم کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کیا کسی نے سنا کہ کسی اور صوبے میں سبز مصالحہ جات یا سبزیوں کی قیمتوں پر اجلاس منعقد ہوا ہو؟وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں آٹا، پیاز، ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی واضح کمی لائی گئی ہے۔

مریم نواز صرف اقتدار میں آنے کیلئے نہیں بلکہ عوام کو حقیقی ریلیف دینے آئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی ہے اصل گڈ گورننس اور عوامی حکومت، جس کی بنیاد عوام کی فلاح، ریلیف اور فوری عملی اقدامات پر ہے۔علاوہ ازیں عوامی شفافیت کے لیے عظمی بخاری نے مارکیٹ میں آویزاں سبز مصالحہ جات کی سرکاری نرخ ناموں کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر جاری کی ہیں تاکہ عوام خود دیکھ سکیں کہ حکومت نے قیمتوں کو کس طرح کنٹرول میں رکھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات