Live Updates

آئندہ مالی سال کا بجٹ بہترین اور عوام دوست بجٹ ہوگا، وزیراعظم نے ہمیشہ ریلیف دینے کی بات کی ہے، مہنگائی میں واضح کمی اور مجموعی ترقی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، عطاء اللہ تارڑ

منگل 10 جون 2025 18:26

آئندہ مالی سال کا بجٹ بہترین اور عوام دوست بجٹ ہوگا، وزیراعظم نے ہمیشہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ بہترین اور عوام دوست بجٹ ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ ریلیف دینے کی بات کی ہے، مہنگائی میں واضح کمی اور مجموعی ترقی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ منگل کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ بہترین اور عوام دوست ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ ریلیف دینے کی بات کی ہے، وہ جو وعدہ کرتے ہیں اسے نبھاتے ہیں، ان کی قیادت میں ملک معاشی بحران سے نکل کر استحکام کی طرف گامزن ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے بھارتی جارحیت کے وقت اچھا کردار ادا کیا تاہم ان کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس مایوس کن تھی، اپوزیشن کے پاس معاشی حوالوں سے کوئی ٹھوس اعداد و شمار نہیں تھے، انہیں چاہیے تھا کہ تیاری کرلیتے، ان کے پاس بجٹ پر تنقید کرنے کے لئے کوئی بات موجود نہیں تھی، اس لئے طرح طرح کے حیلے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے سے نکل کر معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، یہ اپوزیشن کے لوگ ہی تھے جو پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی شرطیں لگاتے تھے، اللہ تعالی نے پاکستان کو عزت دی ہے، پاکستان میں مہنگائی میں کمی ہوئی اور مجموعی ترقی میں اضافہ ہوا ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اچھے وعدے کرتے رہے ہیں، ان سے اچھی امید رکھنی چاہیے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات