امت مسلمہ کے زوال کا سبب انتشار اور قیادت سے محرومی ہے، پیر ارشد کاظمی

قوم مفاد پرست عناصر سے ہوشیار ہو جائے جوخود کو قوم کا خیر خواہ ظاہر کر کے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں

منگل 10 جون 2025 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء)تحریک اہلسنّت پاکستان کے مرکزی رہنما و چیئرمین رابطہ کمیٹی صوبہ سندھ پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اگر اپنے صفوں میں اتحاد پیدا کر لے تو وہ نہ صرف موجودہ عالمی چیلنجز کا سامنا کر سکتی ہے بلکہ دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام بھی دوبارہ حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امت کا شیرازہ بکھرا ہوا ہے، ہر طرف فکری، سیاسی اور مذہبی انتشار پھیلا ہوا ہے، جس پر سوائے افسوس کے کچھ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ قوم آج قیادت سے محروم ہے،مخلص قیادت کہیں نظر نہیں آرہی۔ اجتماعی مفادات کو ذاتی مفادات کی نذر کر دیا گیا ہے۔ چند مفاد پرست عناصر خود کو قوم کا خیر خواہ ظاہر کر کے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، جب کہ درحقیقت ان کا مقصد صرف اپنی سیاسی و معاشی دوکان چمکانا ہے۔

(جاری ہے)

ایسی صورتحال میں آستانہ عالیہ محدث اعظم پاکستان سید سرداراحمدؒ کے خانوادے نے قومی وحدت، نظریہء پاکستان اور اسلام کے پرچم کی سربلندی کا بیڑا اٹھایاہے، پوری قوم صاحبزادہ قاضی فیض رسول رضا حیدررضوی کی قیادت میں متحد ہوجائے تاکہ پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنایاجاسکے۔

پیر سید ارشد علی شاہ نے کہا کہ تحریک اہلسنّت پاکستان ایک نظریاتی، دینی اور عوامی تحریک ہے جس نے ہمیشہ سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ کہا ہے۔ ہماری جماعت کا منشور اتحادِ امت، دفاعِ ناموسِ رسالت ﷺ، تحفظِ مدارس و مساجد اور اسلامی نظام کا قیام ہے۔انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اب ہوش کے ناخن لے اور ان عناصر کو پہچانے جو قوم کو تقسیم کرنے اور دین کی آڑ میں مفادات سمیٹنے میں مصروف ہیں۔

اب بھی وقت ہے کہ قوم تحریک اہلسنّت پاکستان کے پرچم تلے متحد ہو جائے، یہی اتحاد ہماری نجات کا واحد راستہ ہے۔انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوامی رابطہ مہم تیز کریں، اتحاد و اتفاق کا پیغام گلی گلی اور بستی بستی پہنچائیں اور فرقہ واریت، نفرت اور انتشار کا جواب محبت، اخوت اور وحدت سے دیں۔