Live Updates

پی ایس ڈی پی کے تحت مجموعی طور پرقومی ترقیاتی حجم4224ارب روپے ہوگا

وفاقی حکومت 1000ار ب روپے کی شراکت دار ، صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرامز کے تحت 2869ارب روپے اورریاست کے ملکیتی مختلف اداروں کا 355ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ بھی شامل

منگل 10 جون 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء)مالی سال 26-2025 کے بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت مجموعی طور پرقومی ترقیاتی حجم4224ارب روپے ہوگا جس میں وفاقی حکومت 1000ار ب روپے کی شراکت دار ہے جبکہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرامز کے تحت 2869ارب روپے اورریاست کے ملکیتی مختلف اداروں کا 355ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ بھی شامل ہے۔

منگل کوجاری پی ایس ڈی پی کے مطابق ترقیاتی بجٹ مجموعی بجٹ کے 5.8فیصد جبکہ مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) کے 0.6فیصد کے مساوی ہے۔اڑان پاکستان پروگرام کے تحت حکومت نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحات میں شامل کیا ہے جن کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائیگا بعض مالیاتی مسائل کے باوجود وفاق قومی اہمیت کے اہم منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

ترجیحی منصوبہ جات میں کوئٹہ کراچی شاہراہ این 25، سکھر حیدرآباد موٹروے ایم6، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ، دیامر اور مہمند ڈیمز ،کراچی میں پانی کی فراہمی کا منصوبہ کے -IV ،علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں توانائی کی فراہمی ، کراچی اور اسلام آباد میں آئی ٹی پارکس کا قیام ، سندھ میں سیلاب سے تباہ شدہ سکولوں اور گھروں کی تعمیر و بحالی ، بلوچستان میں بعد از سیلاب 2022 کے بحالی کے اقدامات ، تھرکول ریل رابطوں کا قیام ، اسلام آباد میں کینسر ہسپتال کی تعمیر سمیت ہیپاٹائٹس سی اور ذیا بیطس کے علاج معالجہ کے حوالے سے وزیراعظم کے قومی پروگرامزسمیت دیگراہم منصوبے بھی شامل ہیں۔

پی ایس ڈی پی کے مطابق رواں مالی سال کے لئے پی ایس ڈی پی کا حجم 36لاکھ 79ہزار839ملین روپے مختص کئے گئے تھے جبکہ آئندہ مالی سال کیلئے 42 لاکھ 23ہزار817ملین روپے (4224ارب روپے تقریباً)کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے جس میں سرمایہ کاری بورڈ کے مختلف منصوبوں کیلئے 1105.430ملین روپے ، کیبنٹ ڈویژن کے منصوبوں کیلئے 76386.280ملین روپے ، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی ڈویژن کیلئی2783.650ملین روپے ،کامرس ڈویژن کیلئے 50ملین روپے ، مواصلات ڈویژن (ماسوائے این ایچ ای) 149.150ملین روپے، ڈیفنس ڈویژن کیلئے 11553.835ملین روپے جبکہ ڈیفنس پروڈکشن ڈویژن کیلئے 1786ملین روپے اوراسٹیبلشمنٹ ڈویژن کیلئے مختلف منصوبوں کیلئے 495.359ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔

پی ایس ڈی پی کے مطابق وفاقی وزیرتعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کیلئے 18580ملین روپے ، فنانس ڈویژن کے مختلف منصوبوں کیلئے 851.580ملین روپے ،صوبوں اورخصوصی علاقہ جا ت کیلئے 253230.109ملین روپے جبکہ صوبائی منصوبہ جات کیلئے 107785.780ملین روپے ، خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کیلئے 65444.329ملین روپے اور آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مخصوص علاقوں کیلئے 82000ہزار ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔

اسی طرح ہائیرایجوکیشن کمیشن کے مختلف ترقیاتی منصوبہ جا ت کیلئے 39488.216 ملین روپے ، ہائوسنگ اینڈ ورکس ڈویژن کیلئے 15005.801ملین روپے ، انسانی حقوق ڈویژن کیلئے 23ملین روپے ، صنعت و پیداوار ڈویژن کیلئے 1904.281ملین روپے ، اطلاعات ونشریات ڈویژن کیلئے 6026.977ملین روپے جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈویژن کیلئے 16227.493ملین روپے اور بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کیلئے 1179.840ملین روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کئے گئے ہیں۔

پی ایس ڈی پی کے اعدادوشمارکے مطابق داخلہ ڈویژن کے مختلف ترقیاتی منصوبہ جا ت کیلئے 12908.444ملین روپے ، امور کشمیرو گلگت بلتستان اورسیفران ڈویژن کیلئے 1800ملین روپے ، قانون و انصاف ڈویژن کیلئے 1912.481ملین روپے ، بحری امور ڈویڑن کیلئے 3465ملین روپے ، قومی غذائی تحفظ وتحقیق ڈویڑن کیلئے 4253.738 ملین روپے ، نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن و کوآرڈینیشن ڈویژن کیلئے 14343.500ملین روپے ، قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن کیلئے 1676.074 ملین روپے ، پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن 761ملین روپے ،پارلیمانی امورڈویژن کیلئے 2500ملین ، پٹرولیم ڈویژن کیلئے 718.580ملین روپے اور منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات ڈویژن کے لئے مجموعی طور پر2095.141ملین روپے اورخصوصی اقدامات وغیرہ کیلئے علیحدہ سے 21175ملین روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

مزید برآں ریلویز ڈویژن کیلئے آئندہ مالی سال کے لئے پی ایس ڈی پی کے تحت 22415 ملین روپے ، مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈویژن کیلئے 650.384ملین روپے ، ریونیو ڈویژن کیلئے 7150ملین روپے ، سائنس و ٹیکنالوجیکل ڈویژن کیلئے 4792.687ملین روپے، ایس آئی ایف سی ڈویژن کیلئے 503.382ملین روپے جبکہ سپارکو کیلئے 5418.523ملین روپے اورآبی وسائل ڈویژن کیلئے 133424.433ملین روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ آئندہ مالی سال کیلئے پی ایس ڈی پی کے تحت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ ای)کیلئے 226981.850ملین روپے اور توانائی ڈویژن (این ٹی ڈی سی /پیپکو) کیلئے 90225.783ملین روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔دستاویز کے مطابق ریاست کے ملکیتی اداروں (ایس او ایز) کیلئے 354817ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ آئندہ مالی سال 26-2025 کے لئے پی ایس ڈی پی میں سالانہ ترقیاتی پروگرامز کے تحت صوبوں کا حصہ 2869000ملین روپے ہوگا۔سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں وفاق کا حصہ 1000ارب روپے جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرامز کے تحت صوبوں کا حصہ 2869ارب روپے اور ایس او ایز کا حصہ 355ارب روپے ہوگا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات