13 جون تک درجہ حرارت مزید 7 ڈگری بڑھنے کا خدشہ، ہیٹ ویو الرٹ جاری

لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 11 جون 2025 10:54

13 جون تک درجہ حرارت مزید 7 ڈگری بڑھنے کا خدشہ، ہیٹ ویو الرٹ جاری
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون 2025ء ) ملک میں 13 جون تک درجہ حرارت مزید 7 ڈگری بڑھنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہگرمی کی شدت بڑھتے ہوئے ملک میں 13 جون تک درجہ حرارت میں مزید 7 ڈگری اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہونے کا خدشہ ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب میں شدید گرمی کی لہر 13 جون تک برقرار رہے گی، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھکر اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پارہ 50 ڈگری تک پہنچ گیا، بنوں، سرگودھا، نور پور تھل اور سبی میں 49 ڈگری، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، حافظ آباد جیکب آباد، منڈی بہاؤالدین میں 48 ڈگری، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور دادو میں 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح اسلام آباد، پشاور، بہاولپور اور نواب شاہ میں درجہ حرارت 46 ڈگری رہا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہری خصوصاً بچوں، بزرگوں اور خواتین کو دن گیارہ بجے سے شام چار بجے تک بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے کیوں کہ ملک کے دیھگر علاقوں کی طرح خیبرپختونخواہ، کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ طبی ماہرین نے گرمی سے بچنے کیلئے شہریوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید گرمی میں گھروں سے بلا ضرورت نہ نکلیں، گرمی میں پانی کا استعمال زیادہ کریں اور سایہ دار جگہوں پر رہیں، گھر سے نکلنا مقصود ہو تو سر اور کندھے ڈھانپ کر رکھیں، گرمی کے دوران آنکھوں پر سیاہ چشمہ لگا کر رکھیں۔