Live Updates

بچوں کے ہاتھ کتابیں اور قلم تھامنے کے لئے ہیں،مشقت کے اوزار اٹھانے کے لئے نہیں،بلاول بھٹو زرداری کا عالمی یوم انسدادِ چائلڈ لیبر پر پیغام

بدھ 11 جون 2025 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم سے اپیل کی ہے کہ چائلڈ لیبر کی زنجیروں کو توڑ کر ہر بچے کو خواب دیکھنے، سیکھنے اور باوقار زندگی گزارنے کا حق دینے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستان کا روشن مستقبل اس بات پر منحصر ہے کہ ہم آج اپنے بچوں پر کیا سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے عالمی یوم انسدادِ چائلڈ لیبر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بچوں کے ہاتھ کتابیں اور قلم تھامنے کے لیے ہوتے ہیں،مشقت کے اوزار اٹھانے کے لیے نہیں۔ہر وہ بچہ جو مزدوری پر مجبور ہے، وہ ہماری اجتماعی ناکامی کی ایک خاموش پکار ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ آئیے ہم عزم کریں کہ ہم ناامیدی کو مواقع میں تبدیل کریں گے اور چائلڈ لیبر کو چائلڈ ایمپاورمنٹ (بچوں کو بااختیار بنانے) سے بدلیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کے تحفظ کے قوانین، معیاری و مفت تعلیم اور معاشرتی فلاح و بہبود کےپروگرامز پر پیپلز پارٹی کے عزم کو دہرایا جو خاندانوں کو مستحکم بناتے ہیں اور بچوں کو جبری مشقت سے محفوظ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب ایک ایسا پاکستان تھا جہاں ہر بچہ اسکول میں تعلیم حاصل کرے نہ کہ فیکٹریوں یا سڑکوں پر مزدوری کرتا نظر آئے۔

ہم ان کا یہ مشن جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے باعثِ فخر ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا نیشنل چائلڈ لیبر سروے میری والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دورِ حکومت میں 1996 میں کیا گیا تھا، جو بچوں سے مزدوری کے خاتمے کے لیے ایک تاریخی قدم تھا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم اور متعلقہ اداروں سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم ان بچوں کی آواز بنیں جو خود بول نہیں سکتے۔ ہم یہ عہد کریں کہ کسی بچے سے اُس کا بچپن اور اُس کا مستقبل نہ چھینا جائے۔ ایک منصفانہ معاشرہ وہی ہوتا ہے جو اپنے بچوں کی حفاظت کرتا ہے،آج ہمارا یہی عہد ہونا چاہیے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات