Live Updates

وزیراعظم سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، باہمی تعاون میں وسعت کا امکان

یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں اشتراک کو وسعت دینے کے لیے اہم موقع فراہم کرے گا؛ دفتر خارجہ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 12 جون 2025 14:18

وزیراعظم سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، باہمی تعاون میں ..
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ابوظہبی کے البطین ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید آل نہیان نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا، ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری جنرل علی احمد الشمسی، یو اے ایی میں پاکستان کے سفیر فيصل نياز ترمذی اور پاكستانی سفارتی عملہ بھی وزیراعظم کے استقبال کے لیے موجود تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کا دورہ متحدہ عرب امارات دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے جو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی ہیں، وزیرِاعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کے وفد میں نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور سینیئر افسران شامل ہیں، شہباز شریف اپنے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں اماراتی صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان فارن آفس کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتوں میں وزیراعظم اور یو اے ای کی قیادت کے ساتھ دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوگا، یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں اشتراک کو وسعت دینے کے لیے اہم موقع فراہم کرے گا، وزیرِاعظم کا یہ دورہ پاکستان اور امارات کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور نئے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات