Live Updates

پنجاب کا ٹیکس فری بجٹ 16 جون کو پیش کیا جائے گ، وزیراطلاعات پنجاب

جمعرات 12 جون 2025 21:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے عید پر صفائی کے مثالی انتظامات کے ساتھ ایک نئی تاریخ رقم کی ہے جسے عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے ہمراہ ڈی جی پی آر لاہور میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے واضح کیا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافے کے لئے نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لا کر اس کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا اور ان افراد پر ٹیکس لاگو کیا جائے گا جو پہلے سے ٹیکس ادا نہیں کر رہے تاکہ ریاستی وسائل میں اضافہ ہو سکے۔عظمی بخاری نے وزیر اعلی کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف کے موثر اقدامات سے کئی حلقوں میں جلن کی بو آ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب صوبے کے تمام وسائل کو بروئے کار لا کر ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہی ہیں، ان کی خواہش ہے کہ ملک کے تمام صوبے یکساں ترقی کریں تاکہ ہر شہری کو فائدہ پہنچے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ گنڈا پور سستے مولا جٹ بننے کی کوشش کر رہے ہیں اور علیمہ باجی خود کہتی ہیں کہ ہم نے اسلام آباد نہیں آنا، تو کچھ بھی کہنے سے پہلے اپنے مشیروں سے مشورہ کر لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے، آئی ایم ایف کے سخت پروگرام کے باعث وفاق نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے جبکہ پنجاب کا ٹیکس فری بجٹ 16جون کو پیش کیا جائے گا۔عظمی بخاری نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب تمام ترقیاتی منصوبے صوبے کے وسائل سے مکمل کر رہی ہیں، ۔انہوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ والے خود کام نہیں کرتے لیکن غصہ پنجاب پر نکالتے ہیں، میئر کراچی سے اب تک کوڑا تک نہیں اٹھایا گیا۔

اس موقع پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب میں تعلیم کے ترقیاتی بجٹ میں 400فیصد ریکارڈ اضافہ کرتے ہوئے 32ارب سے بڑھا کر 110ارب کر دیا ہے، دوسری جانب ہائیر ایجوکیشن کے بجٹ میں بھی 500فیصد تک اضافہ کر رہے ہیں، وزیر اعلی مریم نواز سمجھتی ہیں کہ تعلیم میں کوئی بانڈری نہیں ہونی چاہیے لیکن پختونخواہ کی حکومت وہاں کے طلبا سے تعلیم دشمنی کرتے ہوئے ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پختونخواہ کو طلبا کے ساتھ تعاون سے منع کر رہی ہے، پختونخواہ حکومت اگر اپنے طلبا کو خود لیپ ٹاپ اور سکالرشپ نہیں دے سکتی تو کم از کم انہیں دوسرے صوبوں سے لینے کا حق تو دے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیر اعلی مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر دیگر صوبوں کے 5000طلبا کو سکالرشپ دینے جا رہی ہے۔ وزیر تعلیم نے مسلم لیگ( ن) کی حکومت کا تحریک انصاف کے دور کی کارکردگی سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت کے 1004ترقیاتی سکیموں کے مقابلے میں محکمہ تعلیم میں خصوصی ریفارمز کرتے ہوئے 5006سکیمیں لے کر آئے ہیں،گلوبل سٹینڈرڈ کے مطابق تعلیم کی ترقی کیلئے کرپشن اور سفارش کے دروازے بند کرتے ہوئے ای ٹرانسفر پالیسی لائے۔

رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ سکول میل پروگرام کے اجرا کے بعد انرولمنٹ اور بچوں کی صحت کی شرح میں بہتری آئی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ سکالرشپ اور لیپ ٹاپ سکیم ہزاروں نوجوانوں کی زندگیاں بدلنے میں معاون ثابت ہوئی ہیں، دوسری جانب بوٹی مافیا کے خلاف تاریخی کریک ڈائون کیا گیا ہے، آئندہ سال اسی طرح پریکٹیکل مافیا کا بھی خاتمہ کریں گے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات