Live Updates

ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا

فی تولہ سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 56 ہزار900 روپے سے تجاوز کرگئی، 10 گرام سونے کی قیمت بھی 3 لاکھ 5 ہزار 984 روپے بڑھ گئی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 12 جون 2025 20:31

ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 12 جون 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ بڑے اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔

آج ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار روپے کا تاریخی اضافہ ہوا ہے۔ جس کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3 لاکھ 56 ہزار 900 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار430 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

نئی قیمت 3 لاکھ 5 ہزار 984 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

 
دوسری جانب پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جمعرات کو انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 21 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 282 روپے 67 پیسے ہو گئی ہے۔ انٹربینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 75 روپے 35 پیسے جبکہ بحرینی دینار کی قدر 749 روپے 43 پیسے رہی۔

اسی طرح عمانی ریال کی انٹربینک مارکیٹ میں قدر 734 روپے 17 پیسے رہی، کویتی دینار کی قدر 923 روپے 78 پیسے اور قطری ریال کی قدر 77 روپے 56 پیسے ریکارڈ کی گئی ۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 283 روپے 25 پیسے اور قیمت فروخت 284 روپے 75 پیسے ریکارڈ کی گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات