Live Updates

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی سکھر آمد پر شاندار استقبال، کارکنان کا جوش و خروش

سکھر حیدرآباد موٹروے پر 15 ارب کا بجٹ منصوبہ مکمل نہ کرنے کی سازش ہے، حلیم عادل شیخ کے فور منصوبہ پر 40 ارب مختص کیئے جائیں شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں،سندھ میں تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کا جنازہ نکل چکا ہے

جمعرات 12 جون 2025 21:35

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر اور سابق اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ آج سکھر پہنچے، جہاں پی ٹی آئی پیر نیاز حسین شاہ جیلانی، اقبال خان بجارانی، نورالدین چویان سمیت دیگر پارٹی رہنماں اور کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایک بار پھر کاغذی بجٹ پیش کیا جا رہا ہے جس کا زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ 16 سال سے سندھ میں برسر اقتدار ہے، لیکن تعلیم کا نظام تباہ ہو چکا ہے، لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور صحت کی سہولیات کا بھی یہی حال ہے۔ اسپتالوں میں دوائیں نہیں ملتیں، ایمبولینس تک عوام کی دسترس میں نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کسی بھی محکمے میں شفافیت نہیں، اور تمام ریکارڈ کرپشن پیپلزپارٹی کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں ترقی صرف کرپشن میں ہوئی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پیپلزپارٹی نے نہ صرف سرکاری زمینیں، جنگلات اور پہاڑ بیچ دیے بلکہ دریائے سندھ پر کینالوں کے منصوبے کی منظوری دے کر عوام سے سنگین غداری کی تھی۔

وفاقی بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں عوام کے لیے کچھ نہیں ہے، صرف زبانی جمع خرچ ہو رہا ہے۔ پیپلزپارٹی صرف فیس سیونگ کے لیے وفاقی بجٹ پر تنقید کر رہی ہے، اگر وہ واقعی بجٹ سے اختلاف رکھتی ہے تو حکومت سے الگ ہو جائے اور عوام کو بیوقوف بنانے کے بجائے عملی اقدامات کرے۔ سکھرحیدرآباد موٹروے منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے اس اہم منصوبے کے لیے صرف 15 ارب روپے مختص کیے ہیں جو ایک مذاق ہے۔

ان کے مطابق پی ٹی آئی کے دور میں اس منصوبے کے لیے 200 ارب روپے رکھے گئے تھے لیکن پیپلزپارٹی کی کرپشن اور نااہلی کے باعث منصوبہ شروع نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبہ بھی کئی سالوں سے تعطل کا شکار ہے، جس کے لیے مختص 3 ارب روپے ناکافی ہیں، اور یہ منصوبہ مزید تاخیر کا شکار ہوگا۔ اس پر کم از کم 40 ارب روپے مختص کیے جائیں۔ کراچی کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں لیکن جعلی حکومتوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔ حلیم عادل شیخ نے وفاقی حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کی جعلی حکومتوں نے عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبا دیا ہے، اور موجودہ وفاقی بجٹ عوام دشمن بجٹ ثابت ہوگا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات