سول افسران آفیسرزاپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو عام لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے استعمال کریں ،گورنر بلوچستان

جمعرات 12 جون 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سول افسران پوری قوم کا اثاثہ ہیں۔ آفیسرزاپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں عام لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے استعمال کریں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کے 43ویں مڈکیرئیر مینجمنٹ کورس کی تکمیل سے متعلق منعقدہ تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا، گورنر نے کہا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کوئٹہ نے افسران کوضروری مہارتوں اور دتربیت سے لیس کیا ہے جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی دباؤ اور تعصب کا شکار ہوئے بغیر لوگوں کی خدمت کیلئے اپنی مہارت کا استعمال کریں۔

عوامی خدمت، دیانتداری اور جوابدہی کی اقدار پر قائم رہیں جن کی لگن اور مہارت بلوچستان اور پاکستان کے لوگوں کے روشن مستقبل کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کوئٹہ کے ڈائریکٹر جنرل سید علی رضا شاہ اور گورنر ہاؤس اینڈ سیکرٹریٹ کے آفیسر عطاءالرحمٰن خلجی بھی موجود تھے۔

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سرکاری افسران گڈ گورننس کو برقرار رکھنے، کرپشن کے خاتمہ اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وسائل کو بروئے کار لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ان کی ذمہ داری میرٹ اور شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ شہریوں کی خدمت اور فلاح و بہبود ہے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے منتظمین کی کوششوں کو سر اہا اور زیر تربیت آفیسرز میں اسناد تقسیم کیں ۔