Live Updates

اسرائیل کا ایران پر حملہ کو درندگی، جارحیت، دہشت گردی کی انتہا ہے‘ ملی یکجہتی کونسل

ایران پر حملہ کر کے اسرائیل نے عالمِ اسلام پر حملہ کیا ہے‘ڈاکٹر ابوالخیر زبیر، لیاقت بلوچ

جمعہ 13 جون 2025 21:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر زبیر اور نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے اسرائیل کے ایران پر حملہ کو درندگی، جارحیت، وحشت و دہشت کی انتہا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر حملہ اسرائیل کا عالمِ اسلام پر حملہ ہے۔ایران پر حملہ فلسطینیوں کی حمایت کی وجہ سے ہے۔

ایران نے مظلوم فلسطینیوں کی مدد، غزہ میں انسانیت کی نسل کُشی کے خلاف مظلوم کی جرأت مندانہ حمایت کی۔ اسرائیلی صیہونی عالمی غنڈہ گردی، اسرائیل کی بدمستی اور دہشت گردی کو روکنا عالمی اداروں بالخصوص عالمِ اسلام کی قیادت کی اجتماعی ذمہ داری بن گئی ہے۔ اب یہ امر نوشتہ دیوار ہے کہ اسرائیل کے ایران پر حملہ کے بعد انڈیا بھی پاکستان پر دوبارہ حملہ آور ہوسکتا ہے،پاکستان کے عوام کو معرکہ حق بُنیانٌ مًّرصُوص کی طرح دشمن کے مقابلہ میں اپنی وحدت اور یکجہتی کو اور بھی زیادہ مضبوطی کے ساتھ قائم رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور ڈپٹی سیکرٹری جنرلز نذیر احمد جنجوعہ، وحید شاہد روپڑی، انجم عقیل قادری، وحید شاہ، ولی اللہ بخاری، ڈاکٹر سید اُسامہ بخاری، ڈاکٹر عبدالرحمن، زاہد اخونزادہ، کاشف گلزار نعیمی، ڈاکٹر میر آصف اکبر نے مشترکہ بیان میں ایرانی افواج کے سربراہوں، سائنس دانوں کی شہادت کو اسرائیل کا ناقابلِ معافی جرم قرار دیتے ہوئے کہا غزہ، لبنان، عراق، شام، پاک بھارت جنگ میں اسرائیل کی طرف سے بھارت کی عملی مدد کے بعد ازسرِنو ایران پر حملہ گریٹر اسرائیل کا شیطانی منصوبہ اور گرینڈ ڈرٹی گیم ہے، اسرائیل اپنے سرپرستوں کے ساتھ مرحلہ وار عالمِ اسلام پر حملہ آور ہے، عالمِ اسلام کو متحد ہوکر اسرائیلی درندگی، جارحیت کا جواب دینا ہوگا، غزہ کے مظلوموں کی مدد پر زبانی جمع خرچ کیا گیا اور عالمِ اسلام کی بے عملی نے اسرائیل کو وحشی اور خونخوار بنادیا ہے، اگر اب بھی عالمِ اسلام مصلحتوں، بزدلی اور آنکھیں بند کیے رکھنے کے جرم میں مبتلا رہا تو یہ پورے عالمِ اسلام کے لیے بڑی تباہی ہوگی، پاکستان کی تمام دینی جماعتیں ہمسایہ برادر ملک اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت اور بہادر عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں، پاکستان کے عوام ایران پر حملہ کو اپنے ملک پر حملہ تصور کررہے ہیں، اسلامیانِ پاکستان کو یقین ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اسرائیلی جارحیت کے مقابلہ میں استقامت، بہادری اور صیہونیت کو عبرتناک سبق سکھاکر سُرخرو ہوگا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات