Live Updates

ایران پر اسرائیلی حملہ سے عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے، تنظیم اسلامی

جمعہ 13 جون 2025 22:03

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2025ء) ایران پر اسرائیلی حملہ سے عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ جمع المبارک کی صبح اسرائیلی طیاروں کا ایران پر بڑا حملہ انتہائی تشویشناک ہے، جس میں ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا اور پاسدارانِ انقلاب کے ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا گیا۔

پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی اور کئی جوہری سائنس دانوں کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔ ایران کی کئی دیگر دفاعی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ علاوہ ازیں رہائشی علاقوں پر بھی حملے کیے گئے جس میں کئی شہری جاں بحق ہوگئے۔ امیر تنظیم نے کہا کہ اسرائیل کا ایران کے خلاف اعلانِ جنگ ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت وہ مشرقِ وسطی کی جنگ کو عالمی سطح پر پھیلانا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو کا یہ کہنا کہ ایران پر حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک اسرائیل اپنے اہداف حاصل نہیں کر لیتا آگ کو مزید بھڑکانے کے مترادف ہے۔ دوسری طرف امریکہ کا یہ کہنا کہ اسرائیل نے اسے اطلاع دیئے بغیر ازخود ایران پر حملہ کیا ہے کذب بیانی کی انتہا ہے کیونکہ امریکہ سمیت مغربی ممالک نے اپنا سفارتی عملہ ایک روز قبل ہی خلیجی ممالک سے واپس بلا لیا تھا جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل کی اِس شرانگیزی بلکہ عالمی دہشت گردی کا منصوبہ امریکہ سے ڈھکا چھپا نہیں تھا۔

صدرٹرمپ ایک طرف تو دنیا میں امن قائم کرنے کے دلفریب نعرے لگاتے ہیں لیکن دوسری طرف غزہ، لبنان اور اب ایران سے متعلق امریکی پالیسی سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ وہ صہیونیوں کے توسیعی منصوبہ یعنی گریٹر اسرائیل کے قیام میں پوری طرح ان کا دست و بازو بنا ہوا ہے۔ امیر تنظیم نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ ایران پر اسرائیلی حملہ سے روس اور چین کا انتہائی ردِعمل بھی سامنے آسکتا ہے۔

پھر یہ کہ ایران خود بھی ان ہمسایہ ممالک کو نشانہ بنا سکتا ہے جہاں امریکی اڈے موجود ہیں اور جن کی فضا کو استعمال کرکے اسرائیل یہ حملے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھی انتہائی چوکنا رہنا ہوگا کیونکہ اسرائیل، امریکہ اور بھارت پر مشتمل ابلیسی اتحادِ ثلاثہ کا اصل ہدف پاکستان کا جوہری پروگرام اور میزائیل و ڈرون ٹیکنالوجی ہیں۔ امیر تنظیم نے کہا کہ اب یہ ناگزیر ہو چکا ہے کہ تمام مسلم ممالک ایران پر اسرائیلی حملہ کو خود پر حملہ تصور کریں اور متحد ہو کر اسرائیل اور اس کے معاونین کو منہ توڑ جواب دیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات