Live Updates

پنجاب اسمبلی میں ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ منظور

او آئی سی ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فوری اجلاس طلب کریں ،سفارتی ذرائع سے اسرائیلی دہشتگردی کو روکا جائے‘ مطالبہ

جمعہ 13 جون 2025 22:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)پنجاب اسمبلی کے ایوان نے ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔ پنجاب اسمبلی میں وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف قرارداد پیش کی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے شمالی و وسطی علاقوں پر درجنوں حملے کیے گئے، پنجاب اسمبلی کا ایوان ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، حملوں میں ایران کے اہم جوہری اور عسکری مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

ان حملوں میں ایرانی افواج کے اعلی افسران جن میں میجر جنرل محمد باقری، میجر حسین سلامی اور چھ جوہری سائنسدان شامل تھے شہید ہوئے اس کے علاوہ عام شہری بھی شہید ہوئے ۔قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل خطے میں اپنی بربریت جاری رکھے ہوئے ہے اور مسلسل جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم، بچوں اور خواتین کی شہادتوں کی المناک داستانیں دنیا کے سامنے ہیں۔

متن میں کہا گیا کہ اسرائیل کا حالیہ اقدام عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے اور دنیا کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔ دنیا جس طرح پاک بھارت کشیدگی کے دوران ثالثی کردار ادا کرتی رہی ہے، اسی طرح اسرائیل کو بھی روکنے کے لیے موثر اقدام کیا جائے۔قرارداد میں او آئی سی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری اجلاس طلب کریں اور سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی دہشتگردی کو روکا جائے۔پنجاب اسمبلی نے ایرانی افواج اور عام شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات