Live Updates

جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

اسرائیل کے اس اقدام سے نہ صرف خطے کی سلامتی کو لاحق خطرات میں اضافہ ہوگا بلکہ کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا،کاشف سعید شیخ

جمعہ 13 جون 2025 21:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب سے برادر اسلامی ملک ایران پر فضائی حملے کی سخت مذمت اور پاسدارن انقلاب، آرمی چیف سمیت متعدد فوجی افسران اور سائنسدانوں کی شہادت پر گھرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاگل جنونی شخص نیتن یاہو نے اپنے مذموم مقاصد کیلئے پورے خطے کو آگ میں دھکیل دیا ہے، پہلے غزہ، لبنان، حماس، حزب اللہ اور اب شام پر دوسرا بڑا حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیلی ریاست دنیا کی سب سے بڑی دہشتگرد ریاست ہے جس شیطان امریکہ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے، جماعت اسلامی جارح اور فاشسٹ ریاست کی جانب سے حالیہ فضائی حملے کو ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی سمجھتی ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیل کے اس اقدام سے نہ صرف خطے کی سلامتی کو لاحق خطرات میں اضافہ ہوگا بلکہ کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا،ایرانی حکومت کو اپنے تحفظ اور شہدا کا بدلہ لینے کا پورا پورا حق حاصل ہے امریکا کی حمایت یافتہ صہیونی ریاست اس جارحیت کے نتائج کا مکمل طور پر ذمہ دار ہے۔ صہیونی ریاست کے ہاتھ نہ روکے گئے تو کل کسی اور مسلم ملک کی باری ہوگی اس لیے مسلم حکمران خواب غفلت سے بیدار ہوجائیں۔

صوبائی امیر کاشف سعید شیخ نے آج اپنے ایک بیان میں ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلم کھلاخلاف ورزی قرار دیا ہے اور سلامتی کونسل سے امن کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے اکتوبرمیں ایران پر حملے،حماس رہنما اسماعیل حانیہ کو شہید کرنے ،غزہ،لبنان اور شام پر مسلسل جارحیت اور مسلمانوں کے بڑے پیمانے پر قتل عام سے پہلے ہی عدم استحکام کیشکار خطے میں خطرناک حد تک کشیدگی میں اضافہ ہوچکا ہے جبکہ حالیہ حملے کے بعد تنازع کے بڑھنے اور پھیلنے کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوگی ہم اقوام متحدہ سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے، اقوام متحدہ سلامتی کونسل خطے میں اسرائیلی جارحیت اور مجرمانہ رویے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

حالیہ حملہ ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اسرائیلی فضائی حملے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچارہے ہیں۔کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ اسرائیل امریکا کی سرپرستی میں پورے خطے کو جنگ میں مبتلا کرنا چاہتا ہے۔ اسرائیلی اقدامات پر ’بین الاقوامی برادری کی خاموشی صیہونی ریاست کو دہشتگردی کا لائسنس جاری کرنے کے مترادف ہے جس کی وجہ سے صہیونی ریاست اپنی جارحانہ پالیسیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے اور ایرانی اہداف کے خلاف بلا روک ٹوک حملوں کے ذریعے خطے میں تنازعہ کو وسیع کر رہی ہے۔اگر اب بھی مسلم حکمران بیدار نہ ہوئے تو پھر ایک ایک کرکے سب کی باری لگے گی اور امریکی واسرائیلی گٹھ جوڑ سے گریٹر اسرائیل کیلئے جاری سازشوں کو مزید تقویت ملے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات