سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی شیخوپورہ میں وکیل کے قتل کی مذمت

جمعہ 13 جون 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے شیخوپورہ میں وکیل کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔جمعہ کومیاں محمد رؤف عطا، صدر، محمد ندیم قریشی، سینئر نائب صدر سندھ، اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس سی بی اے پی ) کی کابینہ نے جاری بیان میں کہا کہ ہم شیخوپورہ میں ایڈووکیٹ محمد لطیف سرا کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں، وہ نہ صرف سپریم کورٹ کے وکیل تھے بلکہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے طویل عرصے سے رکن بھی تھے، اس لئے یہ ایسوسی ایشن اس واقعہ کو انتہائی تشویش کے ساتھ دیکھتی ہے۔

وہ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری بھی رہ چکے تھے۔ ان کے ساتھ محمد سفیان ایڈووکیٹ ہائی کورٹ کو بھی قتل کر دیا گیا،ہم اس افسوسناک واقعہ کی بھرپور اور شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ہفتہ کو مکمل ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم دیگر وکلا تنظیموں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس ہڑتال میں ہمارا ساتھ دیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ہولناک جرم میں ملوث حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کے لئے سخت اور فوری کارروائی ناگزیر ہے۔

پنجاب حکومت کو وکلا ء کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے چاہئیں تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنے پیشہ وارانہ فرائض انجام دے سکیں۔ یہ ایسوسی ایشن ایک بار پھر اپنے ایک دیرینہ رکن کے بہیمانہ قتل پر سوگوار ہے،ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔