Live Updates

حکومت کا آرگینک خوراک ، مصنوعات کی برآمدات پرتوجہ مرکوز نہ کرنا قابل تشویش ہے ‘ نجم مزاری

ہفتہ 14 جون 2025 21:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2025ء) آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آرگینک خوراک اور مصنوعات کے فروغ خصوصاً برآمدات کے تناظر میں اقدامات نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہمارے مطالبات کو نظر انداز کرنے کی بجائے انہیں زیر غور لائے ،عالمی سطح پر آرگینک خوراک اور مصنوعات کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے مگر پاکستان اس سے فائدہ اٹھانے کی بجائے اسے مسلسل نظر انداز کر رہاہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’آرگینک خوراک ، مصنوعات کا مستقبل اور پاکستان کی پیشرفت ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ مذاکرے سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع آرگینک خوراک اور مصنوعات کے شعبے کے ماہرین اورکسانوں نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

مذاکرے میں کسانوں کو آرگینک خوراک کی کاشتکاری کے لئے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ۔ نجم مزاری نے کہا کہ پاکستان کے پاس آرگینک خوراک اور مصنوعات کی تیاری کے حوالے سے بے پناہ صلاحیت موجود ہے مگر سہولیات، تحقیق اور پالیسی کے فقدان کے باعث ہم برآمدات کے تناظر میں استفادہ نہیں کر پا رہے ۔

دنیا بھر میں لوگ آرگینک خوراک اور مصنوعات کی خریداری کو ترجیح دے رہے ہیں خاص طور پر یورپی یونین، خلیجی ممالک اور شمالی امریکہ میں ان کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آرگینک خوراک کی سرٹیفکیشن کے لئے لیبارٹریز ، پراسیسنگ یونٹس اور خصوصاًاوربرآمدات کے حوالے سے بھرپور معاونت فراہم کرے اور اس کے لئے متعلقہ وزارتوں کو متحرک کیا جائے ۔

حکومت سرپرستی کرے تو پاکستان عالمی مارکیٹوں میں اپنا حصہ وصول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔مذاکرے میں دیگر شرکاء نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ایک جامع پالیسی مرتب کرے جس میں کسانوں کو آرگینک کاشتکاری کی جانب راغب کرنے، سرٹیفکیشن سسٹم بہتر بنانے اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لیے اقدامات شامل ہوں۔اگر ہم آغاز میں ابھرتی ہوئی عالمی مارکیٹوں میں پیچھے رہ گئے تو قیمتی زرِمبادلہ حاصل کرنے کا ایک سنہری موقع ضائع ہو جائے گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات