Live Updates

اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی کی پہلگام حملے کے بعد مسلمانوں کے تحفظ میں ناکامی پر بھارت پر تنقید

اتوار 15 جون 2025 12:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) اقلیتی امور کے بارے میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد مسلم اقلیت کے تحفظ میں ناکامی پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقلیتی امورپر اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے پروفیسر نکولس لیورٹ نے امریکی کانگریس کی بریفنگ میں کہا کہ بھارت مذہبی اقلیتوں کو تشدد اور امتیازی سلوک سے بچانے کی اپنی بین الاقوامی ذمہ داری پر پورا نہیں اتر رہا۔

یہ تنقید اس وقت سامنے آئی ہے جب ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 22اپریل کو پہلگام حملے کے بعد صرف دو ہفتوں میں مسلمانوں کے خلاف 184 نفرت انگیز واقعات رپورٹ کئے۔

(جاری ہے)

ان واقعات سے جن میں نفرت انگیز تقاریر، ہجومی تشدد، مساجد میں توڑ پھوڑ اور قتل شامل ہیں،19بھارتی ریاستوں میں کم از کم 316 افرادمتاثر ہوئے ۔ پروفیسر لیورٹ نے کہا کہ ریاست کا فرض ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی حفاظت کرے۔

بہت واضح ہے کہ بھارتی ریاست ملک میں مسلمانوں کی حفاظت صحیح طریقے سے نہیں کر رہی ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ اعلی ترین سطح پر بھی حکام کی طرف سے تشدد بھڑکانے والے بیانات سامنے آ رہے ہیں۔پروفیسر لیورٹ نے جنہیں اکتوبر 2023میں اقوام متحدہ کا خصوصی نمائندہ مقرر کیا گیا تھانے کہا کہ بھارت نے ان بین الاقوامی معاہدوں کی توثیق کی ہے جو مذہب کی آزادی کی ضمانت دیتے ہیں اور امتیازی سلوک کی ممانعت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے کا آرٹیکل 18جس پر بھارت نے دستخط کیے ہیں، یہ کہتا ہے کہ کسی کو بھی اپنی پسند کا مذہب یا عقیدہ اختیار کرنے پر نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات