Live Updates

حیدرآباد میں سجاگ بار تحریک اور قومی عوامی تحریک کا مرکزی کنونشن اور مرکزی باڈی کا انتخاب

اتوار 15 جون 2025 21:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء) حیدرآباد میں سجاگ بار تحریک اور قومی عوامی تحریک کا مرکزی کنونشن اور مرکزی باڈی کا انتخاب قومی عوامی تحریک کے مرکزی سینئر ڈپٹی جنرل سیکریٹری الطاف خاصخیلی، خادم سموں اور ایڈوکیٹ زاہد بھنرو کی نگرانی میں عمل میں آیا، جس میں سجاگ بار تحریک کا مرکزی صدر سرویچ اوٹھو اور جنرل سیکریٹری سلمان رخشانی منتخب کیے گئے، کنونشن میں سندھ کے تمام اضلاع سے بچوں نے شرکت کی، کنونشن میں 22 اگست کو "بچوں کا میلہ" حیدرآباد میں منانے کا اعلان بھی کیا گیا۔

سجاگ بار تحریک (کیو اے ٹی) کا مرکزی کنونشن اور مرکزی عہدیداروں کے انتخابات حیدرآباد میں منعقد ہوئے، جن میں سرویچ اوٹھو مرکزی صدر، راجیش کمار نائب صدر، سلمان رخشانی جنرل سیکریٹری، اسد پالاری ڈپٹی جنرل سیکریٹری، حسنین خاصخیلی جوائنٹ سیکریٹری، اورنگزیب کنبھار آفس سیکریٹری، آصف علی درس فنانس سیکریٹری، اور علی رضا خاصخیلی میڈیا سیکریٹری منتخب ہوئے۔

(جاری ہے)

قومی عوامی تحریک کے سینئر ڈپٹی جنرل سیکریٹری الطاف خاصخیلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سیاست میں بچوں کا کردار شامل نہیں ہو گا، کامیابیاں ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے اقتدار کے دور میں سندھ کے چپے چپے کو نیلام کر دیا ہے۔ گرین پاکستان اور زرعی انقلاب کے نام پر ہزاروں ایکڑ زمینوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے، جو کہ سندھی عوام کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کی سازش ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اقتدار کی خاطر سندھ کے دریاں، زمینوں اور وسائل کا سودا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دریا پر حملہ نہیں، بلکہ یہ کینال سندھ کی شناخت، بقا، حال اور مستقبل پر بدترین حملہ ہے، قوم، وطن اور وسائل ہمیشہ اقتدار، پارٹیوں اور افراد سے زیادہ اہم ہوتے ہیں، اور ہمیں اپنی قوم کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔نومنتخب مرکزی صدر سرویچ اوو نے کہا کہ ہم تعلیم کے میدان میں محنت کر کے سندھ اور اپنی دھرتی کا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سات ہزار سے زائد اسکول بند پڑے ہیں اور لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ سرکاری اسکولوں میں تعلیم کا نظام تباہ حال ہے جبکہ حکمرانوں کے بچے مہنگے اسکولوں یا بیرون ملک تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ حکمرانوں کو سندھ کی تعلیم کی کوئی پروا نہیں، انہوں نے کہا کہ ہم سجاگ بار تحریک کے پلیٹ فارم سے سندھ کے بچوں کو اکٹھا کر کے انہیں نہ صرف تعلیم دیں گے بلکہ دھرتی کے محافظ بھی بنائیں گے۔کنونشن میں سندھ کے 26 اضلاع سے سجاگ بار تحریک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ یہ کنونشن اس بات کی گواہی ہے کہ ہم باشعور ہیں اور 22 اگست 2025 کو "سندھ بچوں کا میلہ" سندھ میوزیم میں منایا جائے گا، جس کی صدارت ایاز لطیف پلیجو کریں گے، اور اس میں سندھ بھر کے بچے شریک ہوں گے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات