Live Updates

کلی معیشت کی صورتحال میں بہتری حکومت کی کامیابی ہے، جاوید حنیف

پیر 16 جون 2025 13:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی جاوید حنیف نے کہا ہے کہ کلی معیشت کی صورتحال میں بہتری حکومت کی کامیابی ہے، دفاع کو مضبوط بنانے کیلئے ہمیں ملک کو ہر لحاظ سے طاقتور بنانا ہوگا۔ پیر کو قومی اسمبلی میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ بجٹ سازی ایک مشکل کام ہے جہاں وسائل کی کمی ہو اور ٹیکس چوری ہو وہاں پر بجٹ بنانا بے انتہا مشکل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے میکرو ایکنامک کو بہتر بنایا ہے جس پر حکومت کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے زر مبادلہ کے ذخائر بہتر ہو رہے ہیں معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، ایئر چیف اور پاک بحریہ کے چیف کی سرکردگی میں کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے ہمیں ملک کو ہر لحاظ سے طاقتور بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پینے کا پانی نہیں ہے ،پینے کے پانی کے منصوبے کے لیے ہم نے 50 ارب روپے کا مطالبہ کیا تھا مگر اس کے لیے صرف تین ارب روپے رکھے ہیں۔کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہے،کراچی کو ابھی تک سیف سٹی نہیں بنایا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شرح خواندگی 66 فیصد کم ہو کر 60.06 فیصد ہو گئی ہے اس کے لیے وافر مقدار میں بجٹ مختص کرنے کی ضرورت ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات