خیبرپختونخوا،سیکیورٹی فورسز کے 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، بھارتی حمایت یافتہ 5 خوارج ہلاک

پیر 16 جون 2025 18:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء)سیکیورٹی فورسز نے 15 اور 16 جون کے دوران خیبر پختونخوا میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، اس دوران 5 خوارج مارے گئے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر پشاور میں آپریشن کیا، سیکیورٹی اہلکاروں کی مؤثر کارروائی میں 4 خوارج مارے گئے، ان میں خارجی حارث اور خارجی بصیر بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے نتیجے میں مزید ایک خارجی مارا گیا۔ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ، گولیاں اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، دہشت گرد خوارج دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔