Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا تاریخی عوامی بجٹ، سماجی تحفظ اور فلاحی اقدامات کو نئی سمت دی گئی: سہیل شوکت بٹ

پیر 16 جون 2025 23:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2025ء) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو مالی سال 2025-26 کے لیے ایک تاریخی، عوام دوست اور ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5335 ارب روپے کے کل بجٹ اور 1240 ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی بجٹ کے ساتھ پنجاب تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

اس بجٹ میں تمام طبقات کا خیال رکھا گیا ہے، خاص طور پر معاشرتی تحفظ کے شعبے کے لیے 70 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جو ایک خوش آئند اقدام ہے۔ سہیل شوکت بٹ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سوشیو اکنامک ریفارمز کے ذریعے صوبے میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھ دی ہے جو کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

خصوصی افراد کے لیے عزت نفس پر مبنی مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے "ہمت کارڈ پروگرام" کے تحت 4 ارب روپے رکھے گئے ہیں، جو حکومت کی عوامی فلاح کے عزم کا مظہر ہے۔ اسی طرح بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی بجٹ میں خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ بہاولپور، مظفرگڑھ اور سرگودھا میں جدید اولڈ ایج ہومز کے قیام کے لیے 34 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

نادار بیٹیوں کی باعزت رخصتی کو ممکن بنانے کے لیے دھی رانی پروگرام کے تحت 1 ارب 70 کروڑ روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے، جو کہ ایک قابل ستائش اور انسان دوست اقدام ہے۔ صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ یہ بجٹ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویڑن کا عکاس ہے جو عوامی خدمت، سماجی انصاف اور جامع ترقی پر مبنی ہے۔ ہم سب وزیراعلیٰ صاحبہ کے اس تاریخی بجٹ پر ان کے شکر گزار ہیں اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات