8 ویں نیشنل وومن لا کانفرنس کل 18 جون کو کراچی آرٹس کونسل میں ہوگی

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس محمدجنید غفار مہمان خصوصی ہونگے،خواتین جوڈیشل،سیشن اور فیملی کورٹس ججز خصوصی طور پر شریک ہونگی

پیر 16 جون 2025 23:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء) جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل کے تحت 8 ویں نیشنل وومن لا کانفرنس 18 جون کو دوپہر 2 بجے آرٹس کونسل آف پاکستان میں ہوگی.اس برس کانفرنس کا موضوع خواتین کے حقوق کی مساوات اور بااختیاریت کو فروغ دینا ہے۔جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل کے صدر ندیم شیخ ایڈوکیٹ نے کانفرنس کے انعقاد کے سلسلے میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ کانفرنس کے چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی بیرسٹر سرفراز متیلو، آرگنائزنگ کمیٹی فریدہ منگریوایڈوکیٹ،سلیم مائیکل ایڈوکیٹ،سید اسرارعلی ایڈوکیٹ،حارث امین بھٹی,سید ذوالفقارشاہ پر مشتمل ہوگی۔

استقبالیہ کمیٹی مس فقیہ امین،زاہدہ جمال علوی ،صوفیہ قادر،عروج اخلاق پر مشتمل ہوگی۔ کانفرنس کے انعقاد کے سلسلے میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ،وزرائے اعلی،صوبائی خواتین وزرا ،خواتین اراکین اسمبلی کو دعوت نامے ارسال کردیئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس محمد جنید غفار اس موقع پر مہمان خصوصی ہونگے۔جبکہ خواتین جوڈیشل،سیشن اور فیملی کورٹس کی ججز خصوصی طور پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی ہدایت میں شریک ہونگی۔

صوبائی وزیر امور خواتین شاہنیہ شیر علی اراکین اسمبلی بھی شرکت کرینگی۔کانفرنس میں پاکستان کی طاقتور اور کامیابی کی حامل خواتین محترمہ فاطمہ جناح،شہید بے نظیر بھٹو،عاصمہ جہانگیر ایڈوکیٹ،جنرل نگار جوہر،عارفہ کریم،ڈاکٹر رتھ فاو،کوہ پیما ثمینہ بیگ،موٹیویٹر منیبہ مزاری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نمایاں خدمات کی حامل خواتین میں ایوارڈ تقسیم کیے جائیں گے۔اس کانفرنس میں ممتاز شخصیات جسٹس ر سعیدہ جہاں،جسٹس ر سیدہ ماجدہ رضوی،پروفیسر فرحان عیسی،محمد احمد شاہ،سابق جسٹس شہاب سرکی،کنول عابدی،تارا عذرا داود،شمسہ جبیں جواد،ڈاکٹر شہاب امام،دانش امان،غزالہ عارف کے علاوہ،خواتین وکلا ،لا ایکسپرٹ شعبہ قانون سے وابستہ پروفیسرز شریک ہونگی۔