Live Updates

’ہر شخص تہران خالی کردے‘ امریکی صدر نے ایرانی شہریوں کو وارننگ دیدی

ٹرمپ کی تہران کے ایک کروڑ شہریوں کو فوری انخلا کی وارننگ کے بعد دارالحکومت میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں

Sajid Ali ساجد علی منگل 17 جون 2025 10:31

’ہر شخص تہران خالی کردے‘ امریکی صدر نے ایرانی شہریوں کو وارننگ دیدی
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جون 2025ء ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی شہریوں کو دارالحکومت تہران خالی کرنے کی وارننگ دیدی۔ تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث اسرائیل کی جانب سے ایران کے دارالحکومت تہران پر ممکنہ طور پر بڑے حملے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، اس حوالے سے امریکی صدر نے تہران کے شہریوں کیلئے ہنگامی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے دس ملین سے زائد افراد فوری طور پر شہر خالی کر دیں۔

اپنے ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انسانی جانوں کا ضیاع شرمناک ہوگا لہٰذا تہران کو فوراً خالی کر دیا جائے اور ہر شخص تہران خالی کردے میں نے ایران سے کہا تھا کہ نیوکلیر ڈیل پر دستخط کردیں انہیں ایسا کرنا چاہیئے تھا، میں نے بارہا کہا تھا مگر ایسا نہیں کیا گیا، ایران کسی صورت نیوکلیئر ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا، اس سارے معاملے میں انسانوں جانوں کا ضیاع شرم کی بات ہے۔

(جاری ہے)

ایران کے سرکاری میڈیا کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی تہران کے ایک کروڑ شہریوں کو فوری انخلاء کی وارننگ کے بعد ایرانی دارالحکومت میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، ایرانی کے سرکاری میڈیا پریس ٹی وی کی جانب سے مشرقی تہران میں ایک مقام پر اسرائیلی حملے کے بعد دھواں اٹھنے کی تصدیق کی گئی۔ ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے بتایا کہ ایرانی فضائی حدود کی بندش میں توسیع کر دی گئی ہے، جس کے بعد ملک کی فضائی حدود اب دوپہر کے دو بجے مقامی وقت تک بند رہے گی تاکہ مسافروں کی حفاظت اور پروازوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے، اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کی فضائی حدود گذشتہ جمعے سے بند ہے اور پروازوں کو متبادل روٹ اختیار کرنا پڑ رہے ہیں کیوں کہ ایران اور اسرائیل کی جاری جنگ میں دونوں ممالک کی طرف سے ایک دوسرے پر لگاتار حملے کیے جارہے ہیں۔

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات