بھارتی ریاست پنجاب میں انڈو تبتین بارڈر پولیس کے کانسٹیبل نے خودکشی کرلی

منگل 17 جون 2025 14:14

چندی گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) بھارت کی ریاست پنجاب کے دارالحکومت چندی گڑھ میں پیراملٹری انڈو تبتین بارڈر پولیس کے ایک کانسٹیبل نے خودکشی کرلی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہماچل پردیش کے علاقے ہمیر پور سے تعلق رکھنے والے انڈو تبتین بارڈر پولیس کے کانسٹیبل وپن چوہان نے مبینہ طور پر شہر کے علاقے رائے پور خورد میں ایک فلیٹ میں زہریلی چیز کھا کر خودکشی کی۔

کانسٹیبل سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن میں تعینات تھا ۔ پولیس کو اس کی لاش اس کے فلیٹ سے ملی ،تاہم لاش کے پاس سے کوئی نوٹ نہیں ملا ۔

(جاری ہے)

چندی گڑھ میں گزشتہ18دنوں میں بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی خودکشی کا یہ تیسرا واقعہ ہے ۔اس سے قبل30مئی کوپولیس کے ایک کانسٹیبل کیلاش نے اپنے سروس ریوالور سے گولی مارکر خودکشی کر لی تھی۔ 5جون کوایک اور پولیس اہلکار اپنی رہائش گاہ پر مردہ پایاگیاتھا اس نے خود کو پھندہ لگا کر خودکشی کی تھی۔

مذکورہ پولیس اہلکار ذہنی مسائل کا شکار تھا۔واضح رہے کہ افسروں کے امتیازی سلوک ، طویل عرصے تک چھٹی نہ ملنے اور ہارڈ ایریاز میں تعیناتی کی وجہ سے بھارتی فورسزکے اہلکاروں میں خودکشی کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں ۔ ان واقعات سے بھارتی فورسز اہلکاروں میں بڑھتی مایوسی ظاہرہوتی ہے ۔