Live Updates

کشمیری عوام مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی طرف سے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

منگل 17 جون 2025 14:22

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے ایران کے خلاف اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںاسرائیلی جارحیت کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور دیگر بین الاقوامی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

انہوں نے اس طرح کے اقدامات نہ صرف عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں بلکہ یہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی صریحاً خلاف ورزی ہیں جس میں تمام اقوام کی خودمختاری اور سالمیت کی ضمانت فراہم کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی، ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے۔

فلسطینی عوام کی منظم نسل کشی کا ذکر کرتے ہوئے ارشداقبال نے اسرائیل کو جارح ریاست قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ صیہونی ریاست مشرق وسطیٰ اورعالمی امن کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خودمختار ریاست کی حیثیت سے ایران کو اپنی علاقائی سالمیت اورخودمختاری کا دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔ادھر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کافوری نوٹس لے اور اسرائیل کو اس کے وحشیانہ اقدامات کا جوابدہ ٹھہرائے۔

محمو د ساغر نے اسرائیلی حملوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ، آرمی چیف اور ایٹمی سائنسدانوں اور معصوم شہریوں سمیت ایرانی اعلیٰ حکام کی شہادت پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔ اسرائیل کی جارحیت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم اور آبادکاری کی استعماری پالیسیاں علاقائی امن کے لیے شدید خطرہ ہیں ۔ انہوں نے بااثر عالمی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور مشرق وسطیٰ میں فوری طورپر کشیدگی میں کمی کے لیے کام کریں ۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات