بھارت میں بڑھتے ہوئے فضائی حادثات : جدید ٹیکنالوجی اور تربیت کا فقدان احمد آباد میں ائیر انڈیا کے حادثے میں 290افراد ہلاک ہوئے، گزشتہ39دنوں میں 5ہیلی کاپٹر کے حادثات بھارتی فضائیہ کی نااہلی کا واضح ثبوت

منگل 17 جون 2025 16:40

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)بھارت میں بڑھتے ہوئے فضائی حادثات سے بھارتی ایوی ایشن حکام کی جدید ٹیکنالوجی تک عدم رسائی اور تربیت کے فقدان کی عکاسی ہوتی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فضائی حادثات سے بھارت میں پروازوں کے نظام کی ناکامی اور بھارتی ایوی ایشن کی مجرمانہ لاپرواہی کا بھی انکشاف ہوتا ہے ۔گزشتہ ہفتے 12جون کوبھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ایئر انڈیا کا طیارہ ٹیک آف کے فورا بعد گر کر تباہ ہونے سے 290کے قریب افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔

1988میں احمد آباد ایئرپورٹ پر لینڈ نگ کی کوشش کرنے والے طیارے کے حادثہ میں 133افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ گزشتہ39دنوں میں پیش آنے والے 5ہیلی کاپٹروں کے حادثات بھی بھارتی فضائیہ کی نااہلی کا واضح ثبوت ہیں۔

(جاری ہے)

حالیہ دنوں میں کیدارناتھ اور اترکاشی جیسے کوہ ہمالیہ کے علاقوں میں فضائی حادثات میں انتہائی خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔بھارت کے ان ہمالیائی علاقوں میں ہر سال ہزاروں ہندو یاتری ہیلی کاپٹر سروس پر انحصار کرتے ہیں۔

مودی سرکار کی لاپرواہی اور بھارت ایوی ایشن کی نااہلی کے باعث بھارت میں مسافروں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔15جون کو کیدارناتھ میں آرین ایوی ایشن کا Bell 407ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا تھا جس میں پائلٹ سمیت 7 افراد ہو ئے تھے۔ اس سے قبل 8 مئی کو اترکاشی میں ایروٹرانس ایوی ایشن کا Bell 407 کریش ہوا تھا ۔حادثے میں 6افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

7 جون اور 17مئی کو پیش آنے والے فضائی حادثات بھی بھارتی فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت اور تربیت پر سوالیہ نشان ہیں۔ ان حادثات کی بڑی وجہ ایس او پیزکی خلاف ورزی اور تربیت یافتہ عملے کی کمی ہے۔ ماضی میں بھی ان علاقوں میں متعدد سنگین فضائی حادثات پیش آچکے ہیں ۔جن میں 2019، 2022 اور 2023 کے واقعات شامل ہیں ۔18اکتوبر 2022کو کیدارناتھ سے گپت کاشی جاتے ہوئے ایک ہیلی کاپٹر تباہ ہونے سے 7افرادہلاک ہو ئے تھے۔

23اپریل 2023کو کیدارناتھ ،21اگست 2019 کو اترکاشی میں ہیلی کاپٹر کے حادثات میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ بھارتی ایوی ایشن کے حالیہ حادثات فضائی نظام کی کمزوریوں، پائلٹس کی ناقص تربیت، اور ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ظاہر ہوتی ہیں۔ذرائع کے مطابق بھارتی ہیلی کاپٹرزنہ تو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں اور نہ ہی پائلٹس سمیت فضائی عملے کو موسمی حالات سے نمٹنے کی تربیت دی جاتی ہے۔