Live Updates

بجلی کی بندش نے عوام کی زندگی مفلوج کر دی ہے، 15 سے 18 گھنٹے کی غیر اعلانیہ بجلی کی بندش عوام کے بنیادی انسانی حقوق پر حملہ ہے، ڈاکٹر یونس دانش

منگل 17 جون 2025 21:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)جمعیت علما پاکستان (نورانی)کے مرکزی ترجمان ڈاکٹر یونس دانش نے حیسکو کی ناقص کارکردگی اور طویل ترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی بندش نے عوام کی زندگی مفلوج کر دی ہے، 15 سے 18 گھنٹے کی غیر اعلانیہ بجلی کی بندش عوام کے بنیادی انسانی حقوق پر حملہ ہے، حیسکو عملہ نے بجلی فراہمی کے بقیہ 6 سے 8 گھنٹے دوران لنکز اتارنے، ولٹیج کم کرنے اور فیز غائب کر کے شہریوں کی زندگی اجیرن بنائی ہوئی ہے بالخصوص ہیر آباد سب ڈویژن، پریٹ آباد سب ڈویژن، لیاقت کالونی سب ڈویژن کے علاقے میں حیسکو کا عملہ اپنی کرپشن اور بجلی چوری کی مد میں بھتہ خوری کی وصولی کیلئے ظالمانہ طرز عمل اختیار کئے ہوئے ہے، انہوں نے کہا کہ حیسکو کے افسران ہوش کے ناخن لیں شدید گرمی میں پانی کی قلت، بیمار بزرگ، بچے اور کاروباری طبقہ سب حیسکو کی نالائقی کے ہاتھوں پریشان ہیں یہ صرف انتظامی ناکامی نہیں بلکہ عوام کے ساتھ ظلم ہے، انہوں نے حیسکو چیف سے سوال کیا کہ جب حکومت اور ادارے عوام کو سہولتیں نہیں دے سکتے تو پھر بل کس بات کی بجلی کے نام پر عوام سے اربوں روپے لوٹنے کے باوجود یہ سلوک کیوں انہوں نے مطالبہ کیا کہ حیسکو کے ذمہ دار افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، اضافی بلوں کی تحقیقات اور فوری اصلاح کی جائے، گرمی کے موسم میں کم از کم اسپتالوں، اور رہائشی علاقوں میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اگر حکومت اور ادارے باز نہ آئے تو حیسکو کے ظلم و ناانصافی کے خلاف خاموش نہیں رہیں گے، عوام کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے، انہوں نے کہا کہ بجلی کا بل ادا کرنے کے باوجود اکثر علاقوں میں 15 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے بالخصوص ہیر آباد، پریٹ آباد، لیاقت کالونی کے گنجان آباد ی والے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں چھوٹے بچے، بزرگ اور مریض شدید گرمی میں تڑپ رہے ہیں جبکہ حیسکو انتظامیہ مکمل طور پر بے حس بنی ہوئی ہے اورلائن لاسز کے نام پر دیانت دار اور بل ادا کرنے والے صارفین کو سزا دی جا رہی ہے، حکومت حیسکو کی بدانتظامی اور بے حسی کا فوری نوٹس لے، متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فوری اور مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اوور بلنگ اور فالتو چارجز کی واپسی کا بندوبست کیا جائے، حیسکو کے ذمہ دار افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر حیسکو نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائے گا۔

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات