ٹیکس دہندگان کو عزت و احترام دیا جائے، پاکستانی افواج اور قوم نے ثابت کیا ہے کہ ہم ملک کے دفاع کے لیے متحد ہیں ، سینیٹر کامل علی آغا

بدھ 18 جون 2025 16:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کو عزت و احترام دیا جائے، پاکستانی افواج اور قوم نے ثابت کیا ہے کہ ہم ملک کے دفاع کے لئے متحد ہیں اور کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں بجٹ26-2025ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان پر مزید ٹیکس نہیں لگانے چاہئیں۔

(جاری ہے)

ایف بی آر کے اختیارات میں اضافے کا فیصلہ واپس لیاجائے، ٹیکسوں میں اضافے کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ایٹم بم کے بانی ہیں، ایٹمی دھماکے کرنے کا کریڈٹ نوازشریف کو جاتا ہے۔ بھارت اور اسرائیل پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف سازشیں کرتے رہتے ہیں۔ پاکستانی افواج اور قوم نے ثابت کیا ہے کہ ہم ملک کے دفاع کیلئے متحد ہیں اور کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، مسلمان ممالک کو متحد ہوکر حکمت عملی وضع کرنی چاہئے۔ او آئی سی کو فعال کیا جائے۔