Live Updates

اسرائیل نے ہمارے برادر ملک ایران کے خلاف کھلی جارحیت کی، پاکستان اس کی شدید مذمت کرتا ہے، شہبازشریف

بدھ 18 جون 2025 22:34

اسرائیل نے  ہمارے برادر ملک ایران کے خلاف کھلی جارحیت کی، پاکستان اس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2025ء) وزیر اعظم شہبا ز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ہمارے برادر ملک ایران کے خلاف کھلی جارحیت کی۔ پاکستان اس کی شدید مذمت کرتا ہے ، مشرق و سطی صورتحال تشویشناک ہے ۔ عالمی برادری جنگبندی کے لئے فوری کردار ادا کرے ۔ سخت محنت کے بعد معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے ۔ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں ۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوے انہوں نے اسرائیل ایران کشیدگی پر گہری تشو یش کا اظہار کرتے ہوے کہا اسرائیل نے فلسطین کے بعد ایران کے خلاف بھی کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا ہے جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔ عالمی برداری ایران، اسرائیل جنگ بندی کیلئے فوری کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے پاکستان کے برادر ملک کے خلاف کھلی جارحیت کی ہے، اس جارحیت کے نتیجے میں سینکڑوں لوگ شہید ہوگئے ہیں، جب کہ سینکڑوں ابھی بھی زخمی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین میں بھی ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ عالمی برادری کا ضمیر کب جاگے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات مشر ق وسطی اور خطے کے امن کے لئے شدید خطرہ ہیں ۔ اس سلسلے میں ترکیہ کے صدر سے بھی بات ہوئی ہے ۔ انہوں نے بھی ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے ۔ وزیر ا عظم نے بجٹ پیش کرنے پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوے کہا کہ بجٹ 2025-26 تمام اتحادی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے ۔

اس پر ابھی بحث جاری ہے ۔ انہوں نے کہا یہ کسان دوست بجٹ ہے ، زرعی سیکٹر پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگے گا۔ آئی ایم ایف کے مطالبے کے باوجود زراعت اور فرٹیلائزر پر ٹیکس نہ لگانے کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا زرعی شعبہ پہلے ہی دباؤ کا شکار، مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے۔ چھ سے بارہ لاکھ روپے آمدن والوں پر صرف ایک فیصد انکم ٹیکس عائد ہوگا۔ گزشتہ سال پانچ فیصد ٹیکس تھا، اب صرف ایک فیصد لگے گا۔

انہوں نے کہا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم کامیابی حاصل کر چکا ہے۔ حالیہ پاک بھرت کشیدگی میں بھی پاک فوج کا کردار شاندار رہا ۔ افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو بجٹ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے ۔ پاک فوج کی ضروریات کیلئے دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا گیا، پی ایس ڈی پی کا حجم 1000 ارب روپے تک بڑھا دیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں ۔ اس کے لئے سیکیورٹی اداروں کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم، توانائی منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے ۔ وزیر اعظم نے سابق حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوے کہا انہوں نے معیشت کو ڈیفالٹ کے قریب پہنچایا۔ موجودہ حکومت نے معیشت کو دیوالیہ پن سے بچایا ۔ پاکستان اب پراعتماد انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بلاول بھٹو اور وفد کی عالمی سطح پر شاندار نمائندگی کو قابل ستائش قرار دیتے ہوے کہا بلاول بھٹو، شیری رحمان اور کلائمیٹ وفد کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ اتحادی جماعتوں کے بھرپور تعاون پر انکے مشکو ر ہیں ۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات