Live Updates

خیبرپختونخواہ کا وفاق سے ضم اضلاع کے فنڈز فوری منتقل کرنے کا مطالبہ

این ایف سی کے تحت وفاق کے ذمے ضم شدہ اضلاع کے350 ارب روپے واجب الادا ہیں، فنڈز روکنے سے وفاق کی دہشتگردی کیخلاف غیرسنجیدگی ظاہر ہوتی ہے، مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹرسیف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 18 جون 2025 19:37

خیبرپختونخواہ کا وفاق سے ضم اضلاع کے فنڈز فوری منتقل کرنے کا مطالبہ
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 18 جون 2025ء ) مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹرسیف نے وفاق سے ضم اضلاع کے فنڈز فوری منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فنڈز روکنے سے وفاق کی دہشتگردی کیخلاف غیرسنجیدگی ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مالی سال 2024-25 میں این ایف سی کے تحت وفاق کے ذمے ضم شدہ اضلاع کے 350 ارب روپے واجب الادا ہیں، 350 ارب روپے میں سے گزشتہ 10 ماہ کے دوران صرف 83 ارب روپے موصول ہوئے ہیں،267 ارب روپے تاحال واجب الادا ہیں، جن کی ادائیگی میں وفاق مسلسل تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔

 وفاق کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کو بری طرح متاثر کر رہی ہے، ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، انضمام کا مقصد ضم شدہ اضلاع کو قومی دھارے میں لانا تھا، مگر وفاق اس حوالے سے سنجیدہ دکھائی نہیں دیتا۔

(جاری ہے)

 ضم شدہ اضلاع کے فنڈز روکنے سے وفاق کی دہشت گردی کے خلاف غیر سنجیدگی ظاہر ہوتی ہے، این ایف سی کے تحت ضم شدہ اضلاع کے فنڈز فوری طور پر خیبر پختونخوا کو منتقل کیے جائیں، ضم شدہ اضلاع کے فنڈز روکنا دہشت گردی کو فروغ دینے کے مترادف ہے،ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے بغیر دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ عمران خان کا پیغام آیا بجٹ پیش ہوگا لیکن منظوری میری طرف سے ہوگی۔ پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے تمام ورکرز اور سپورٹرز کو سلام پیش کرتا ہوں اور پیغام دیتا ہوں، پاکستان ایمان اتحاد اور نظم وضبط پر معروض وجود میں آیا، پاکستان تحریک انصاف ایمان اتحاد، نظم و ضبط اور خوداری پر بنائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات یاد رکھیں کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ اتحاد اور اتفاق کی بات کی ہے، پارٹی کے اندر اور باہر ایسے لوگ ہیں جو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں،ان کے گمراہ کرنے کا مقصد آپ کو فوکس سے ہٹانا ہوتا ہے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ کہاوت ہے کہ اگر تم ان کا مقابلہ نہیں کرسکتے تو ان کے ساتھ شامل ہو جاؤ اور اگر نہیں ہارا سکتے تو ان کو کنفیوز کرو، عمران خان کا پیغام آگیا ہے کہ بجٹ پیش ہوگا لیکن منظوری میری طرف سے ہوگی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات