ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے معروف شخصیات کی ملاقاتیں

فن، تعلیم، سرمایہ کاری اور بلوچستان کی ترقی اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال

بدھ 18 جون 2025 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (پی اے آر سی) کے چیئرمین ڈاکٹر غلام علی، معروف اداکار اور شوبز اسٹار ایوب کوسہ، قبائلی رہنما سرور خان ناصر، طلباء اور مختلف کاروباری شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ملاقات کی جس میں فنونِ لطیفہ، تعلیم، سرمایہ کاری، بلوچستان کی ترقی اور مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ حکومت فنکاروں، ادیبوں، شاعروں اور تخلیقی شعبوں سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ہماری ثقافت اور تہذیب کو نئی نسل تک منتقل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے، اور حکومت کا عزم ہے کہ پاکستان کے ہر بچے کو معیاری تعلیم فراہم کی جائے۔

خاص طور پر بلوچستان جیسے پسماندہ علاقوں میں اسکولوں، جامعات اور فنی تعلیم کے اداروں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین نے ملک کی مجموعی سیاسی، سماجی اور کاروباری صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں استحکام اور خوشحالی کے لیے تمام شعبوں میں ہم آہنگی اور ترقی ضروری ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر طبقے کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔

بلوچستان کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں جاری ترقیاتی منصوبے، انفراسٹرکچر کی بہتری اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے پروگرام ملک گیر اہمیت رکھتے ہیں۔ قبائلی اضلاع کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے حکومت پٴْرعزم ہے۔سرمایہ کاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور معاشی استحکام ممکن ہو سکے۔ بزنس کمیونٹی کا کردار اس حوالے سے نہایت اہم ہے۔ملاقات میں شریک مہمانوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی قیادت اور وژن کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان ترقی، امن، اور ہم آہنگی کی جانب گامزن رہے گا۔