Live Updates

،یہ صرف جنگ نہیں، ایران کے خلاف مسلط کی گئی مکمل جارحیت ہے امریکہ اسرائیل کے پیچھے نہیں، براہِ راست شریک ہے‘میاں افتخار

بدھ 18 جون 2025 22:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2025ء) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے اسلامی جمہوریہ ایران‘بیان جاری کے خلاف اسرائیل کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہیکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات ہونے چاہئیں، پھر ایران کو دھمکیاں دیں، اور اب کہتے ہیں کہ ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔

یہ کیسے ممکن ہی امریکہ اس جنگ میں پوری طرح ملوث ہے۔انہوں نے ٹرمپ کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب امریکہ اسرائیل کے پیچھے نہیں بلکہ براہِ راست جنگ میں شریک ہونے کے ارادے رکھتا ہے۔ ایران سے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ، فضائی برتری کے دعوے اور ایرانی قیادت کو قتل کرنے کی باتیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ جنگ کے دائرے کو وسیع کرنے کی مکمل تیاری ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

اگرچہ عسکری لحاظ سے امریکہ اور اسرائیل کو بظاہر فوقیت حاصل ہے، لیکن ایران کی حکمت عملی، صبر اور مزاحمت کہیں زیادہ مؤثر اور مدبرانہ ثابت ہوئی ہے۔ ایران نے سپریم کمانڈر کے اختیارات سپریم سیکیورٹی کونسل کو منتقل کر کے دشمنوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ قیادت کے خلاف کوئی بھی سازش جنگی حکمتِ عملی کو غیر مؤثر نہیں بنا سکتی۔اے این پی کے صوبائی صدر نے مزید کہا کہ ''رجیم چینج'' کی سازشیں گزشتہ پچاس برسوں سے جاری ہیں، لیکن ایران نے ہمیشہ ان کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری نے بروقت اور مؤثر اقدامات نہ کیے تو اس کے سنگین اور دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ اسرائیل مسلسل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، جبکہ اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل کی مجرمانہ خاموشی اس ظلم کو مزید بڑھا رہی ہے۔ فلسطین کا مسئلہ 80 سے زائد مرتبہ سلامتی کونسل میں زیرِ بحث آیا، لیکن ہر بار ویٹو کے ذریعے اسے دبا دیا گیا، جو اقوامِ متحدہ کی غیرجانبداری اور عالمی انصاف پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔

اگر اقوامِ متحدہ صرف امریکہ اور ویٹو پاور رکھنے والے ممالک کے مفادات کے تحفظ کے لیے قائم کی گئی ہے تو اس کے کردار پر فوری نظرِ ثانی ناگزیر ہو چکی ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ روس اور چین کب اپنی مؤثر موجودگی ظاہر کریں گی اگر انہوں نے تاخیر کی تو نہ صرف ایران بلکہ ان ممالک کا اپنا مستقبل بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ دنیا اس وقت ایک نازک موڑ پر کھڑی ہے، اور اگر امریکہ اور اسرائیل کو نہ روکا گیا تو دنیا کا نقشہ مکمل طور پر بدل سکتا ہے۔

میاں افتخار حسین نے سعودی عرب اور دیگر مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ اس نازک مرحلے پر مظلوموں کا ساتھ دیں، ورنہ تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی۔ ایران وہ واحد ریاست ہے جس نے ہمیشہ فلسطینی مظلوموں کی حمایت میں آواز بلند کی اور عملی مزاحمت کی، اور یہی وجہ ہے کہ آج اسے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ممالک کے درمیان اختلافات آتے رہتے ہیں، لیکن آج جب ایران منصفانہ اور جرأت مندانہ طریقے سے جنگ لڑ رہا ہے تو تمام اختلافات پسِ پشت ڈال کر ایران کا ساتھ دینا ناگزیر ہے، تاکہ اس بدترین بلا، یعنی امریکہ کو شکست دی جا سکے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ایران حق پر ہے، اور ہمیشہ جیت حق ہی کی ہوتی ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات