Live Updates

’پہلگام حملہ بھارت کی سکیورٹی ناکامی تھی‘ سابق انٹیلیجنس چیف کا اعتراف

بھارت کے پاس پہلگام حملے کے کوئی شواہد نہیں تھے کیوں کہ کئی بار واقعات کے ثبوت نہیں ملتے؛ سابق بھارتی انٹیلی جنس چیف امرجیت سنگھ دولت کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 19 جون 2025 13:00

’پہلگام حملہ بھارت کی سکیورٹی ناکامی تھی‘ سابق انٹیلیجنس چیف کا اعتراف
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون 2025ء ) بھارت کے سابق انٹیلی جنس چیف نے پہلگام حملے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے خطے کے استحکام میں پاکستان کا کردار اہم قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے سابق بھارتی انٹیلی جنس چیف امرجیت سنگھ دولت نے کہا کہ پہلگام واقعہ بھارت کی انٹیلیجنس اور سیکیورٹی ناکامی تھی، پہلگام میں جو ہوا وہ بہت برا تھا، بھارت کے پاس پہلگام حملے کے کوئی شواہد نہیں تھے کیوں کہ کئی بار واقعات کے ثبوت نہیں ملتے۔

اے ایس دولت نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے 6 جہاز مار گرائے، اس کے علاوہ ایران اسرائیل جنگ بندی میں بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کردار اہم ہو سکتا ہے، مودی سرکار نے اپنے دور حکومت میں پاکستان مخالف بیانیے پر بھارتی عوام کی ذہن سازی کر دی ہے، کشمیر اور بھارت میں ہونے والے ہر واقعے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرا دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکہ میں موجودگی اور صدر ٹرمپ سے ملاقات پر بھارت سخت پریشانی کا شکار ہوگیا، سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ سے جاری حالیہ بیان دراصل عالمی سطح پر بھارتی ساکھ بچانے کی ناکام کوشش ہے، بھارتی وزارت خارجہ کے بیان میں آپریشن سندور کے دوران ’نپی تلی‘ اور ’غیر اشتعال انگیز‘ کارروائی کے دعوے کیے گئے، آپریشن سندور کی ناکامی نے بھارتی دعووں کو جھوٹ ثابت کیا جس بات کی تصدیق عالمی برادری کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ عالمی برادری اس حقیقت سے واقف ہے کہ بھارت نے جارحیت کا آغاز کیا، پاکستان نے اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق دفاعی کارروائی کی، بھارت کی جانب سے پاکستانی افواج کو نقصان پہنچانے کے دعوے بھی حقائق کے منافی ہیں، عالمی ذرائع نے پاک فضائیہ کی برتری کو تسلیم کیا، پاک فضائیہ نے بھارتی جنگی طیارے مار گرائے اور دنیا نے دیکھا کہ بھارت کو فضائی محاذ پر منہ کی کھانا پڑی۔

سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ مودی سرکار کی امن کی باتیں بھی محض دکھاوا ثابت ہوئیں، حقیقت میں بھارت ہمسایہ ممالک کے خلاف جارحانہ پالیسیوں کے لیے بدنام ہے، بھارتی وزارتِ خارجہ کا حالیہ بیان پاکستان اور امریکہ کے بہتر تعلقات کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش ہے، مودی سرکار کی عالمی سطح پر اپنی ساکھ بچانے کی ہر تدبیر ناکامی سے دوچار ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات