Live Updates

آئند مالی سال کا صوبائی بجٹ ایک عوام د وست بجٹ ہے

یہ بجٹ دراصل چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اس وژن کی عملی تعبیر ہے،ندیم احمد خان

جمعرات 19 جون 2025 16:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی رہنما ندیم احمد خان نے صوبائی بجٹ2025-26کو بلوچستان کی تاریخ کا ایک مثبت، حقیقت پسندانہ اور مستقبل بین بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن وزیراعلیٰ بلوچستان اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت، سیاسی بصیرت اور عوامی درد مندی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ندیم احمد خان نے کہا کہ اس بجٹ میں نہ صرف صوبے کی مالی حدود کا ادراک کیا گیا ہے بلکہ اس کے باوجود تعلیم، صحت، مواصلات، بنیادی ڈھانچے، زراعت، صاف پانی، خواتین کی فلاح و بہبود، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کو ترجیح دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت بلوچستان ایک جامع اور عوامی مفاد پر مبنی حکمرانی کی راہ پر گامزن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ دراصل چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اس وژن کی عملی تعبیر ہے جس میں وہ پاکستان کے ہر طبقے، ہر علاقے اور ہر فرد کے لیے یکساں ترقی اور مواقع کی بات کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے پسے ہوئے طبقے، طلباء ، مزدوروں اور کسانوں کی آواز رہی ہے، اور یہ بجٹ انہی طبقات کے لیے سہارا ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہر ضلع اور ہر مکتبِ فکر کو ساتھ لے کر چلنے کی جو روایت قائم کی ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔

وسائل کی منصفانہ تقسیم، شفاف گورننس، اور اضلاع کی سطح پر ترقیاتی اسکیمات کو بجٹ میں شامل کرنا ایک قابل تقلید مثال ہے۔ندیم احمد خان نے مزید کہا کہ بجٹ میں تعلیم کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کرنا، اسکولوں کی بہتری، اسکالرشپس، ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ہنر مند نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنا دراصل ایک روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ اسی طرح صحت کے شعبے کو بہتر بنانے، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کو اپگریڈ کرنے اور رورل ہیلتھ سنٹرز کو فعال بنانے کے اقدامات خوش آئند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ وفاقِ پاکستان کی مضبوطی، صوبوں کے حقوق اور جمہوری اداروں کے استحکام کی بات کی ہے، اور بلوچستان بجٹ اسی فکری تسلسل کی عکاسی ہے۔ انہوں نے عوام، نوجوانوں اور پارٹی کارکنان سے اپیل کی کہ وہ اس بجٹ کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور پیپلز پارٹی کی قیادت پر اعتماد برقرار رکھیں تاکہ بلوچستان کو ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور بااختیار صوبہ بنایا جا سکے
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات