راولپنڈی کے مکینوں کے مسائل جلد حل ہوں گے،حنیف عباسی

سڑکوں و گلیوں کی تعمیر،پانی و گیس جیسی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے ، عوام کی خدمت اولین ترجیح ہے،وفاقی وزیر کا کھلی کچہری سے خطاب

جمعرات 19 جون 2025 18:40

راولپنڈی کے مکینوں کے مسائل جلد حل ہوں گے،حنیف عباسی
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے شہریوں کو درپیش تمام مسائل جلد حل ہوں گے،سڑکوں و گلیوں کی تعمیر،پانی و گیس جیسی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے ، عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ ن کی اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار حنیف عباسی نے جمعرات کو مسلم لیگ ہاو س اقبال روڈ میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران علاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر یونین کونسل 15 اور 20 کے چیئرمین اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔انہوں نے علاقہ مکینوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کئے۔حنیف عباسی نے کہا ہے کہ وہ راولپنڈی کی عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں عزت بخشی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کو حلقہ کی عوام نے گیس، پانی، بجلی، صفائی و سیوریج کے مسائل سے آگاہ کیا،علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا کہ تنگ و خستہ حال گلیوں کو بہتر بنایا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی کے محلوں کی تنگ گلیوں کو بہتر و خوبصورت بنانے کے ساتھ سیوریج سسٹم کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ وقت میں رپورٹ جمع کروائیں اور عوام کو درپیش تکالیف کو جلد از جلد ختم کریں۔