وزیرپیٹرولیم علی پرویزملک کا دورہ روس، توانائی کے شعبے میں تعاون پرپیش رفت

جمعرات 19 جون 2025 22:40

وزیرپیٹرولیم علی پرویزملک کا دورہ روس، توانائی کے شعبے میں تعاون پرپیش ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2025ء)وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے دورہ روس میں توانائی کے شعبے میں تعاون پر پیش رفت ہوئی ہے ۔وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں جاری بین الاقوامی اقتصادی فورم 2025 میں شرکت کی۔علی پرویز ملک کی روسی وزیر توانائی سرگئی تسویلیف سے ملاقات ہوئی اور توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، کان کنی اور عوامی رابطوں سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگوہوئی۔

(جاری ہے)

پاک روس بین الحکومتی کمیشن کا دسواں اجلاس 2025 کی دوسری سہ ماہی میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ علی پرویز ملک کی روسی ادارے روسٹوم منرلز کے فرسٹ ڈپٹی ڈائریکٹر الیکسی شی میتوف سے ملاقات ہوئی۔علی پرویز ملک نے روسی ادارے کو پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ڈپٹی ڈائریکٹر الیکسی شی میتوف نے پاکستان میں کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے اور تجاویز پیش کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔یہ دورہ پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی اور توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کی جانب ایک مثبت قدم تصور کیا جا رہا ہے۔