Live Updates

ماحولیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں زراعت ولائیوسٹاک کے شعبوں میں جدت اور متبادل مواقع تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب

جمعہ 20 جون 2025 16:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہاہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں زراعت ولائیوسٹاک کے شعبوں میں جدت اور متبادل مواقع تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے جمعہ کو یہاں جاری بیان میں کہاکہ ضلع بہاولنگر میں منہ کھر سے پاک زون کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے،منصوبے پر مجموعی طور پر 78 کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی، رواں مالی سال کے بجٹ میں منصوبے کے لیے ابتدائی طور پر 25 کروڑ روپے مختص کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ منہ کھر فری زون کے قیام سے حلال گوشت کی برآمدات میں حا ئل بڑی رکاوٹ دور ہو جائے گی،حلال گوشت کی برآمد سے ملک میں زرمبادلہ آئے گا اور لائیوسٹاک فارمرز اور معیشت دونوں کو فائدہ ہوگا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے مزید کہاکہ پاکستان کی زرعی جی ڈی پی کا 65 فیصد حصہ لائیوسٹاک کے شعبے سے وابستہ ہے، حلال گوشت کی عالمی مارکیٹ اس وقت 800 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، 2034 تک اس مارکیٹ کا حجم 1.71 کھرب ڈالر سے تجاوزکر جا ئے گا، پاکستان اس وسیع عالمی مارکیٹ میں اپنا حصہ لینے کے لیے عملی اقدامات کررہا ہے،حلال گوشت کا کاروبارکرنے والی بین الاقوامی کمپنیوں کو جنوبی پنجاب میں پلانٹ لگانے کی ترغیب دی جائے گی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات