Live Updates

محرم الحرام میں حرمت صحابہ واہل بیت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ ضابطہ خلاق بنائے ‘ ہشام الٰہی ظہیر

جمعہ 20 جون 2025 19:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء)جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر ڈاکٹر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہاہے کہ محرم الحرام میں حرمت صحابہ واہل بیت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے انثظامیہ ضابطہ اخلاق بنائے،لبنان اور شام میں تباہی مچانے کے بعد اب ناجائز صہیونی ریاست امریکہ کی مکمل معاونت کے ساتھ ایران پر حملے کر رہی ہے،اس نازک موقع پر تمام مسلم ممالک کو ایران کا عملی طور پرساتھ دینا ہوگا، غزہ میں قیامت ڈھانے کے بعد اب اسرائیل کی نظر بد مشرق وسطی اور خلیجِ فارس کے دیگر مسلم ممالک پر ہے۔

جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے انہوں نے کہا ہے کہ انتظامیہ اور امن کمیٹی کے ممبران فوری طور پر توہینِ صحابہ کرام و اہلِ بیت کے حوالے سے واضح ضابطہ اخلاق ترتیب دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کا خاتمہ اسی صورت ممکن ہے جب گستاخی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔علامہ ہشام الہی ظہیر نے کہا کہ جو شخص بھی صحابہ کرام، اہلِ بیت یا امہات الممنین کی توہین کرے اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔

علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا کہ یہ مقدس ہستیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 برس سے قائم امن کمیٹیوں کا کردار یکطرفہ محسوس ہوتا ہے، جن کا جھکا ئومحض ایک مخصوص گروہ کی طرف دکھائی دیتا ہے۔جمعیت اہلحدیث پاکستان کو اس طرزِ عمل پر تحفظات ہیں۔علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے مزید کہا کہ ہم ہر قسم کی فرقہ واریت کے خلاف ہیں لیکن محرم الحرام کے موقع پر بعض عناصر کی جانب سے شعائرِ اسلام، صحابہ کرام اور امہات الممنین کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی اور احتجاجی آواز بلند کی جائے گی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات