بغیرتصدیق کے کسی بھی خبرکو سوشل میڈیا پرپھیلانا پروپیگنڈہ کے زمرے میں آتا ہے، وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری

جمعہ 20 جون 2025 22:53

بغیرتصدیق کے کسی بھی خبرکو سوشل میڈیا پرپھیلانا پروپیگنڈہ کے زمرے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا جو بیانیہ اختیار کرتا ہے،وہی ہمارے ہاں مخصوص پروپیگنڈہ سیل آگے پھیلاتے ہیں،جو قومی مفاد کے خلاف انتہائی خطرناک رجحان ہے۔پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بغیر تصدیق کے کسی بھی خبر کو سوشل میڈیا پر پھیلانا پروپیگنڈہ کے زمرے میں آتا ہے اور یہ رویہ نہ صرف گمراہ کن ہے بلکہ قومی سلامتی کیلئے بھی نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ بعض عناصر سوشل میڈیا پر سنسنی پھیلانے کے بعد نہ تو معذرت کرتے ہیں اور نہ ہی اپنی پوسٹس کو مناسب وضاحت کے ساتھ ہٹاتے ہیں جبکہ تب تک وہ خبر سادہ لوح عوام تک پہنچ چکی ہوتی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ ایسے عناصر کے خلاف قانونی اور عملی سطح پر سخت کارروائی کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں کوئی شخص پاکستان کے نیشنل انٹرسٹ کے خلاف ایسی مہم کا حصہ نہ بن سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی اور من گھڑت معلومات کی اشاعت سے ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے،جو کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان پروپیگنڈہ ٹرولز کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ قومی سلامتی کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہ ہو۔