این ڈی ایم اے نے آج 20 جون سے 23 جون تک پری مون سون الرٹ جاری کردیا

گلگت، کشمیر ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ پری مون سون بارشیں متوقع ہے، محکمہ موسمیات کی حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے ایڈوائزری جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 20 جون 2025 21:17

این ڈی ایم اے نے آج 20 جون سے 23 جون تک پری مون سون الرٹ جاری کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون 2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے آج 20 جون سے 23 جون تک پری مون سون الرٹ جاری کردیا ہے۔ ایکس پر اعلامیہ این ڈی ایم اے کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے آج 20 جون سے 23 جون تک ممکنہ پری مون سون موسمی صورتحال کیلئے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان بھر میں بشمول گلگت ، کشمیر ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پری مون سون بارش، آندھی اور گرج چمک متوقع ہے۔

بارش اور طوفانی موسمی صورتحال کے باعث درخت گرنے، بجلی بند ہونے اور کمزور ڈھانچوں کو نقصان کا خطرہ۔ سڑک حادثات کا امکان ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہےکہ درختوں، بل بورڈز سے دور رہیں۔

(جاری ہے)

گاڑیاں محفوظ جگہ پر رکھیں۔ ایمرجنسی کے دوران رہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں۔

دوسری جانب گزشتہ روز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں سمیت لاہور میں بھی حبس اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ لاہور شہر میں موسم خشک، گرم اور حبس زدہ ہوتا جا رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا ہے۔ اگرچہ درجہ حرارت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم حبس کی کیفیت کے باعث گرمی کی شدت میں کمی محسوس نہیں ہو رہی اور ماحول مزید تکلیف دہ بنتا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور کا موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ بارش کے امکانات نہایت کم ہیں۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ دھوپ میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور خود کو گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔