Live Updates

ماحولیاتی تباہی خطرناک حد تک بڑھ چکی، پلاسٹک پر مکمل پابندی وقت کی ضرورت ہے،بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ، تقاریر میں کوئی وزن نہیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی

ہفتہ 21 جون 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت نے ملکی مفاد کے خلاف بھارت کا بیانیہ اپنا رکھا ہے، یہ ایوان میں صرف نعرے بازی کے لیے آتے ہیں، اور بجٹ پر ان کی تقاریر بالکل سطحی اور غیر سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے نام پر جو رویہ اپنایا جا رہا ہے وہ دراصل غنڈہ گردی ہے اور قوم بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کے اس غیر سنجیدہ رویے کو دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل فلور پر یہ بات واضح کی گئی کہ احتجاج اور غنڈہ گردی میں فرق ہوتا ہے، لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن یہ فرق سمجھنے سے قاصر ہے۔ ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اس وقت ماحولیاتی تبدیلی ایک سنجیدہ مسئلہ بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

چار دہائیوں میں سرسبز کھیتوں کو ختم کر دیا گیا ہے اور دیہی علاقوں میں پلاسٹک کے استعمال کا شعور نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔

لوگوں کو معلوم ہی نہیں کہ پلاسٹک کس قدر نقصان دہ ہے، وہ دودھ، دہی اور دیگر اشیا ءپلاسٹک میں لے آتے ہیں، جس کے انتہائی منفی اثرات ماحول اور انسانی صحت پر مرتب ہو رہے ہیں۔ قصور جیسے علاقوں میں پچاس کلو میٹر کے دائرے میں نباتات ختم ہو چکی ہیں، زیر زمین پانی نیچے جا چکا ہے اور نوجوانوں کے جنازے کینسر جیسے مرض کی وجہ سے اٹھ رہے ہیں۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ عوام کے پاس وسائل نہیں اور وہ اپنی مدد آپ کے تحت کچھ کرنے کی سکت نہیں رکھتے، لہذا حکومت کو سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے۔

سپیکر ملک محمد احمد خان نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلی پنجاب پلاسٹک پر مکمل پابندی کا سخت فیصلہ کریں گی، کیونکہ انہیں ماضی میں بھی سخت اور موثر فیصلے کرتے دیکھا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سپیکر نے کہاکہ بجٹ میں کسی تقریر میں وزن دکھائی نہیں دیا، صرف ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی ہو رہی ہے، جب کہ ایوان کو قانون سازی کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔

انہوں نے ''ستھرا پنجاب پروگرام'' کو دیہات اور شہروں دونوں کے لیے ایک اچھا اقدام قرار دیا۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ بیجنگ جیسے شہر کو صاف ستھرا ہونے میں دس سال لگے، ہم بھی مستقل مزاجی کے ساتھ کام کریں تو بہتری ممکن ہے۔ سپیکر نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کے فیصلے کو سراہا اور انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات