اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے ‘جے یو آئی (س)

تمام مکاتب فکر کے علما ء اور خطباء امت کو جوڑنے کا فریضہ ادا کریں‘ جیدعلماء اکرام کا مشترکہ بیان

اتوار 22 جون 2025 16:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2025ء)جمعیت علما ئے اسلام( س) پنجاب کے امیر پیر عبدالقدوس نقشبندی، ناظم اعلی مولانا ایوب خان، سیکرٹری اطلاعات ومرکزی سالار مولانا قاری اعظم حسین ،ناظم اعلی لاہور مولانا طیب عثمانی، نائب امیر مولانا صلاح الدین ایوبی، قاری رحمت اللہ لاشاری، پیر اکبر ساقی ،مولانا عبیداللہ بھکر، مولانا عرفان شاکر ودیگر ذمہ داران نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے،تمام مسالک کے علما اور مفتیان پاکستان انتہا پسند انہ سوچ اور شدت پسندی کو مکمل مسترد کرتے ہیں،تمام مکاتب فکر کے علما ء اور خطباء امت کو جوڑنے کا فریضہ ادا کریں ۔

انہوں نے مزید کہاکہ فرقہ ورانہ منافرت، مسلح فرقہ وارانہ تصادم اور طاقت کے زور پر اپنے نظریات کو دوسروں پر مسلط کرنے کی روش شریعت اسلامیہ کے احکام کے منافی اور فسادفی الارض اور ایک قومی و ملی جرم ہے،تمام مسالک کے علما و مشائخ اور مفتیان پاکستان انتہا پسند انہ سوچ اور شدت پسندی کو مکمل مسترد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ انبیا کرام، اصحاب رسولﷺ ،خلفا راشدینؓ ، ازواج مطہراتؓ اور اہل ِبیتؓ اطہارکے تقدس کو ملحوظ رکھنا ایک فریضہ ہے جو شخص ان مقدسات کی توہین و تکفیر کرے گا تمام مکاتب فکر اس سے برات کریںاور ایسے شخص کے خلاف قانون کو فوری حرکت میں آنا چاہیے۔