عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، شہری سہولت و سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات

پیر 23 جون 2025 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سکیورٹی اور سہولیات کے فول پروف انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران پہلی بار پنجاب میں سائبر پیٹرولنگ، فوری ریسپانس فورس، اور سوشل میڈیا پر فیک نیوز کی نگرانی کے لئے خصوصی سیل قائم کیا جائے گا۔

وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت 25 جون کو حتمی سکیورٹی پلان کی منظوری دی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر ضلع میں محرم کے دوران ترجمان تعینات کیے جائیں گے تاکہ بروقت عوامی آگاہی فراہم کی جا سکے اور افواہوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ سوشل میڈیا پر گمراہ کن خبریں، افواہیں اور فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کے خلاف مقدمات درج اور سزائیں دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ محرم الحرام کے دوران پنجاب بھر میں ایک لاکھ دس ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ تمام جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کے لیے سیف سٹی کیمروں، ڈرونز اور چہرہ شناخت کرنے والے جدید کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔ جلوسوں کے داخلی راستوں پر خصوصی سکیورٹی پوائنٹس اور جدید ٹیکنالوجی نصب کی جائے گی۔

رینجرز کے 79 اہلکار بھی سکیورٹی میں معاونت فراہم کریں گے۔ صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ رہے گی اور سکیورٹی فورسز کے علاوہ کسی بھی فرد کو اسلحہ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔وزیر اعلی پنجاب نے محرم کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ جلوس کے راستوں کی مرمت، صفائی اور گٹروں کے ڈھکنوں کی حفاظت کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

متبادل ٹریفک پلان اور پارکنگ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ جلوس کے راستوں پر واضح نشانات آویزاں کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو آسانی ہو۔ تمام سبیلیں ایک ہی ڈیزائن میں لگائی جائیں گی اور شدید گرمی کے پیش نظر جلوس کے اوقات میں تبدیلی کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ جلوس کے راستوں پر سائے کے انتظامات، پینے کے پانی کی فراہمی، فرسٹ ایڈ پوائنٹس، فیلڈ ہسپتالز، اور کلینکس آن ویلز ہر وقت دستیاب ہوں گے۔

پبلک ٹوائلٹس کے قیام اور صفائی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ خواتین پولیس اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی ذاتی موبائل فون رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ڈی جی پی آر میں مرکزی فیک نیوز مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے جو محرم کے دوران غلط معلومات کی فوری نشاندہی اور قانونی کارروائی کرے گا۔ تمام ضلعی کنٹرول رومز اس مانیٹرنگ نیٹ ورک سے منسلک ہوں گے۔

علما، امن کمیٹیاں اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ محرم کے دوران سکیورٹی ریہرسل اور پیشگی مشقیں بھی مکمل ہو چکی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی کی جا سکے۔ داتا دربار، گنج شکر، جھنگ اور دیگر اضلاع میں جاری عرس اور مذہبی تقریبات کے لئے بھی خصوصی سکیورٹی اور سہولت انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جلوسوں کی فضائی نگرانی ڈرونز کے ذریعے کی جائے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ محرم الحرام اسلامی کیلنڈر کا مقدس مہینہ ہے اور وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت ہے کہ شہریوں کے لئے سکیورٹی، سہولت اور صفائی کے میدان میں عید جیسے ریکارڈ قائم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہریوں کی خدمت اور امن کے قیام کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے تاکہ عشرہ محرم الحرام پرامن، باوقار اور محفوظ ماحول میں گزرے۔