ٹرمپ! تم نے یہ جنگ شروع کی اسے ختم ہم کریں گے

ایران کے فوجی ترجمان کی امریکی صدر کو انگریزی میں وارننگ

Sajid Ali ساجد علی پیر 23 جون 2025 14:09

ٹرمپ! تم نے یہ جنگ شروع کی اسے ختم ہم کریں گے
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون2025ء ) امریکہ کے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد ایرانی فوجی ترجمان نے امریکی صدر کو انگریزی زبان میں وارننگ دے دی۔ اس حوالے سے ایرانی فوج کے ترجمان نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ! تم نے یہ جنگ شروع کی لیکن اسے ختم ہم کریں گے، در اصل امریکی حملے مرتی ہوئی صیہونی حکومت کو زندہ کرنے کی کوشش ہے، امریکہ کے لیے طاقتور کارروائیاں اور سنگین نتائج منتظر ہیں۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکہ تھوڑا انتظار کرے، وہ جلد ہی ان حملوں کی سزا بھگتے گا، ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کے دوران مشرق وسطیٰ میں تمام امریکی اثاثوں کو نشانہ بنایا جائے گا، یورپی یونین کا کوئی بھی بحری بیڑہ یورپ نہیں پہنچ سکے گا۔

(جاری ہے)

مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں کی وسیع موجودگی طاقت کی علامت نہیں بلکہ کمزوری کا پہلو ہے، ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں کی تعداد، پھیلاؤ اور وسعت کوئی طاقت نہیں بلکہ ان کی کمزوری کو دوگنا کر چکی ہے، ایران کی جوہری صلاحیتیں بیرونی حملوں کے باوجود مضبوط اور محفوظ ہیں، ایران کی مقامی اور پرامن جوہری ٹیکنالوجی کو کسی بھی حملے سے تباہ نہیں کیا جا سکتا۔

ادھر ایران کی پارلیمنٹ نے امریکی حملوں کے بعد آبنائے ہرمز بند کرنے کی منظوری دی ہے، حتمی فیصلہ ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کرے گی، آبنائے ہرمز دنیا کی توانائی کی تجارت کا ایک اہم راستہ ہے جہاں سے عالمی تیل اور گیس کی تقریباً 20 فیصد ترسیل ہوتی ہے، اس کی بندش عالمی توانائی کی مارکیٹ میں شدید اثرات مرتب کرسکتی ہے، یہ فیصلہ ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد علاقائی صورتحال میں اضافی کشیدگی کے باعث سامنے آیا۔

پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے رکن میجر جنرل کوثری نے بتایا کہ پارلیمنٹ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر آبنائے ہرمز بند کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس کا نفاذ سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے فیصلے پر منحصر ہے، ایرانی پاسداران انقلاب نے واضح کیا ہے کہ جب حالات کی ضرورت ہوگی تو آبنائے ہرمز بند کر دیں گے۔