Live Updates

ایران پرامریکی حملے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، انجمن شرعی شیعیان

پیر 23 جون 2025 14:31

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں انجمن شرعی شیعیان نے کسی قابل اعتماد ثبوت کے بغیر کہ ایران جوہری ہتھیار بنا رہا ہے، اس کی جوہری تنصیبات پر امریکی فوجی حملوں کی شدید مذمت کی ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجمن شرعی شیعیان کے نائب صدر آغا سید مجتبیٰ عباس نے جڈی بل سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ حملے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی اورعالمی اداروں کی توہین ہے جس سے پہلے سے ہی غیر مستحکم خطے مغربی ایشیا میں حالات مزید خراب ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ امریکا کے پاس جو فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے ذریعے نسل کشی میں ملوث ہے ، امن یا جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلا ئوپر بات کرنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ،اس کے اقدامات سے پتہ چلتا ہے کہ اصل مقصد عالمی سلامتی نہیں بلکہ مغربی ایشیا کے توانائی کے وسائل پر تسلط اور کنٹرول حاصل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انجمن شرعی شیعیان نے کہاکہ بین الاقوامی قانون کے تحت پرامن مقاصد کے لئے ایٹمی توانائی کا حصول ایران سمیت تمام ممالک کا حق ہے۔ آغا مجتبیٰ نے کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو اس طرح کے یکطرفہ فوجی اقدامات کے خطرناک نتائج پر گہری تشویش ہے جس سے ایک بڑے علاقائی جنگ کاخطرہ پیدا ہوگیاہے۔

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات