پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مثالی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں،الشیخ خالد احترام

منگل 24 جون 2025 11:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)مدرس مسجد نبوی ؐ الشیخ خالد احترام نے فیصل آباد کے ایک روزہ مختصر دورہ کے دوران فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے اہالیان فیصل آباد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ریحان نسیم بھراڑہ کو مسجد نبوی آنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مختصر دورے پر فیصل آباد آئے ہیں تاہم آئندہ جب بھی وہ فیصل آباد آئیں گے وہ چیمبر کا بھی دورہ کریں گے۔

ریحان نسیم بھراڑہ نے ممتاز عالم دین الشیخ خالد احترام کا فیصل آباد تشریف لانے پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور انہیں فیصل آباد چیمبر آنے اور بزنس کمیونٹی سے براہ راست ملاقات کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مثالی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں تاہم اب ہمیں معاشی طور پر بھی باہمی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ریحان نسیم بھراڑہ نے مسجد نبوی کے مدرس فضیلتہ الشیخ خالد احترام کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی شیلڈ بھی پیش کی۔ الشیخ خالد احترام اس سے قبل اسلام کی پہلی مسجد قباء میں تراویح کی امامت کے فرائض بھی سر انجام دے چکے ہیں۔ اِس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق ایگزیکٹو ممبر حافظ شفیق کاشف اور چوہدری کاشف نواز رندھاوا بھی موجود تھے۔