ٹرمپ نے دوبارہ جارحیت کی تو منہ توڑ جواب ملے گا، سیزفائر پر پاسداران انقلاب کی تنبیہ

کامیابی اور فتح پر ملت ایران اور شہدا کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں؛ کمانڈر انچیف میجر جنرل پاکپور کا بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 24 جون 2025 12:03

ٹرمپ نے دوبارہ جارحیت کی تو منہ توڑ جواب ملے گا، سیزفائر پر پاسداران ..
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون 2025ء ) ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد پاسداران انقلاب نے تنبیہ کی ہے کہ اگر دوبارہ جارحیت ہوئی تو منہ توڑ جواب ملے گا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف میجر جنرل پاکپور کا کہنا ہے کہ کامیابی اور فتح پر ملت ایران اور شہداء کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، اگر امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے ایران کے خلاف دوبارہ جارحیت کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب ملے گا۔

اسی طرح ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے آغاز کے بعد ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا بھی اہم بیان سامنے آگیا، انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل کو اس کی جارحیت کی سزا دینے کے لیے ہماری طاقتور مسلح افواج کی فوجی کارروائیاں صبح 4 بجے تک آخری لمحات تک جاری رہیں، میں تمام ایرانیوں کے ساتھ مل کر اپنی بہادر مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اپنے خون کے آخری قطرے تک ہمارے پیارے ملک کے دفاع کے لیے تیار رہیں اور جنہوں نے دشمن کے کسی بھی حملے کا آخری لمحے تک جواب دیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسرائیل اور ایران نے جنگ بندی کا آغاز کردیا ہے، پاکستان وقت کے مطابق ایران نے صبح 9 بجے سے جنگ بندی پر عملدرآمد شروع کیا گیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’جنگ بندی کا آغاز ہوگیا ہے برائے مہربانی جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کریں‘، امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے بتایا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر کا نفاذ ہوچکا ہے جس کے بعد اسرائیل نے اپنی فضائی حدود بھی کھول دی۔

عالمی نیوز ایجنسی رائٹرز نے رپورٹ کیا کہ اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر کے ایران کے ساتھ جنگ بندی کے اعلان کی توثیق کردی ہے، اس حوالے سے اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کے ساتھ جنگ بندی کی تجویز پر اتفاق کرلیا ہے، تاہم سیز فائر کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں اسرائیل کی جانب سے اس کا طاقتور جواب دیا جائے گا۔