پاکستانی نوجوانوں کی ٹیکنالوجی میں شاندار کارکردگی،گو جیما ٹیم کی گوگل فائنلز روانگی سے قبل شزا فاطمہ خواجہ سے ملاقات

منگل 24 جون 2025 21:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء) پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کے لیے ایک باعثِ فخر لمحہ اٴْس وقت سامنے آیا جب انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی (IST) کی گو جیما ٹیم نے گوگل سلوشن چیلنج 2025 کے فائنلز میں شرکت سے قبل وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن محترمہ شزا فاطمہ خواجہ سے ملاقات کی۔

ایشیا کی سرفہرست 10 ٹیموں میں منتخب ہونے والی GeoGemma کی مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ پروجیکٹ ظ جو سیٹلائٹ امیجز کو جینیریٹیو AI کے ساتھ یکجا کرتا ہے ظ ماحولیاتی اور جیو اسپیشل چیلنجز کے حل کے لیے جدید طریقے فراہم کرتا ہے اور اس نے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا ہے۔اس ملاقات میں پاکستان میں مصنوعی ذہانت اور جیو اسپیشل انوویشن کی بڑھتی ہوئی رفتار، طالبعلموں کی قیادت میں قائم گوگل ڈیولپر گروپس (GDGs) کے فروغ، اور ایسے پلیٹ فارمز کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی جو نوجوان ٹیلنٹ کی پرورش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم ہینڈز پاکستان کے ہیڈ آف کمیونیکیشنز، ریحان طاہر، اور نوجوان ٹیکنالوجی ماہر احمد امان بھی موجود تھے، جو جعلی کرنسی کی شناخت کے لیے AI پر مبنی 5000 ایپ کے خالق ہیں اور جو پاکستانی نوجوانوں کی جانب سے ابھرتے ہوئے تخلیقی و انقلابی خیالات کی ایک اور مثال ہیں۔وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزارت کی جانب سے نوجوانوں کی قیادت میں ہونے والی انوویشن کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوںنے کہاکہ یہ نوجوان اذہان پاکستان کا ڈیجیٹل مستقبل تشکیل دے رہے ہیں ،ہم ان کے ساتھ بھرپور طریقے سے کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیموں کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی عملی تصویر ہے۔یہ ملاقات ایک مثبت نوٹ پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں تعلیم، بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور سول سوسائٹی کے درمیان مضبوط روابط کے قیام پر زور دیا گیا تاکہ پاکستان کو مستقبل کی علم پر مبنی معیشت کی طرف لے جایا جا سکے۔